رسائی کے لنکس

امریکہ چین اجلاس کا آخری دور، معاشی تعاون پر گفتگو


بدھ کو طرفین نے گرین ہاؤس گیسز اور فضائی آلودگی میں کمی لانے کے سلسلے میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا تھا

امریکہ اور چین کے اعلیٰ عہدے داروں نے جمعرات کو واشنگٹن میں مذاکرات کے دوسرے اور حتمی روز اسٹریٹجک اور معاشی امور پر اجلاس جاری رکھا۔

بدھ کو طرفین نے گرین ہاؤس گیسز اور فضائی آلودگی میں کمی لانے کے سلسلے میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا تھا۔

کابینہ کی سطح کے اِن سالانہ مذاکرات میں امریکہ اور چین کو یہ موقع میسر آتا ہے کہ وہ درپیش معاملات پر تعاون اور اختلاف رائے کا اظہار کریں، جب کہ عمومی طور پر یہ بات چیت ادھوری رہتی ہے۔

بدھ کے روز امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے چین سے مطالبہ کیا کہ، بقول اُن کے، ’کھلم کھلا‘ سائبر چوری کو بند کیا جائے، جس کے بارے میں حالیہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس ضمن میں ہر سال امریکہ کو سینکڑوں ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔

اپنی تقریر میں، بائیڈن نے چین کے انسانی حقوق کے نازک موضوع پر بھی بات کی۔

اُنھوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے ضابطوں کی حرمت کا خیال کر کےچین زیادہ مضبوط، مستحکم اور جدت پسند بن جائے گا۔


امریکی عہدے داروں نے کہا کہ انسانی حقوق پر نجی بات چیت کے دوران امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بہت ہی مؤثر انداز میں بات کی، اور اُنھوں نے چینی وفد کے سامنے مخصوص معاملات اٹھائے۔

چینی ریاستی کونسل یانگ جیچی نے کہا کہ چین حقوق پر بات کرنے پر تیار ہے، لیکن اِس کی بنیاد ’برابری اور باہمی عزت‘ پر ہی ہونی چاہیئے۔

نائب صدر وینگ یانگ نے زور دے کر کہا کہ چین ایسے خیالات کو تسلیم نہیں کرسکتا جو اُس کے سیاسی نظام کے برخلاف ہوں۔
XS
SM
MD
LG