سکیورٹی اداروں کی طرف سے چار جولائی کو ممکنہ دہشت گرد خطرے کا انتباہ جاری کیا گیا تھا جس کے بعد امریکہ کے یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی انتظامات کو بڑھا دیا گیا ہے۔
محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی اور وفاقی تفتیشی ادارے "ایف بی آئی" نے رواں ہفتے کے اوائل میں انتباہ جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ مقامی انتظامیہ اور عوام شدت پسند گروپ داعش کی طرف سے رمضان میں تشدد کی کارروائیوں کے اعلان کے تناظر میں چوکنا رہیں۔
گزشتہ ہفتے تیونس، کویت اور فرانس میں ہونے والے تشدد کے واقعات میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے اور ان واقعات نے امریکہ کے محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے عہدیداروں کو یوم آزادی کے روز تعطیل کے دوران مزید چوکنا رہنے کی ہدایت جاری کرنے پر مائل کیا۔
تیونس اور کویت میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔
جمعرات کو دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے جنوب مشرق میں امریکی بحریہ کی ایک تنصیب میں مسلح شخص کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس فوری طور پر حرکت میں آگئی تھی اور اس باعث بھی دارالحکومت میں سکیورٹی کے انتظامات میں اضافہ کیا گیا ہے۔
واشنگٹن پولیس کی سربراہ کیتھی لانیئر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ "یہاں واشنگٹن میں ہم ہر واقعے کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں اور خواص مواقع پر ہم مزید محتاط ہو جاتے ہیں اور یہ سلسلہ چار جولائی کو بھی جاری رہے گا۔"
توقع ہے کہ لاکھوں افراد واشنگٹن میں یوم آزادی کی خصوصی تقریب اور آتش بازی کو دیکھنے کے لیے موجود ہوں گے۔
اختتام ہفتہ خصوصی تقاریب کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کرنے کے علاوہ چیک پوائنٹس بھی بنائے جا رہے ہیں۔