رسائی کے لنکس

دولت اسلامیہ کے خلاف حکمت عملی پر امریکہ اور اتحادیوں کا اجلاس


امریکہ اور سعودی عرب کے بمبار اور لڑاکا طیاروں نے شام کے سرحدی علاقے کوبانی کے قریب اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

صدر براک اوباما اور امریکی فوجی کمانڈر عراق اور شام میں دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں سے نمٹنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کے لیے منگل کو غیر ملکی دفاعی عہدیداران سے ملاقات کریں گے۔

امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارٹن ڈمپسی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کے قریب اینڈریو ایئرفورس بیس پر ہونے والی ملاقات میں جاری کارروائیوں میں درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

توقع ہے کہ ترکی سمیت لگ بھگ 20 ممالک کے نمائندے اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترکی کے سرکاری میڈیا نے پیر کو ان اطلاعات کی تردید کی تھی کہ دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے خلاف اتحادی افواج کی کارروائیوں کے لیے اس کا فضائی اڈہ امریکہ کو دینے پر کوئی معاہدہ ہوا ہے۔

دریں اثناء امریکہ اور سعودی عرب کے بمبار اور لڑاکا طیاروں نے شام کے سرحدی علاقے کوبانی کے قریب اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

کوبانی میں کرد ملیشیا اور دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔

کوبانی کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں نے علاقے کو تین اطراف سے گھیر رکھا ہے اور انھوں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ اگر انھوں نے چوتھی سمت سے بھی محاصرہ کر لیا تھا شہر تک پہنچنے کے راستے بند ہوسکتے ہیں۔

امریکہ نے اگست کے اواخر میں عراق میں دولت اسلامیہ کے اہداف کو فضائی کارروائیوں میں نشانہ بنانا شروع کیا تھا اور بعد ازاں گزشتہ ماہ اس کا دائرہ شام تک بڑھا دیا۔

XS
SM
MD
LG