امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے صوبہ ہسکہ میں تل تمر کے قصبے میں داعش کے خودکش حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جن میں درجیوں شامی سولینز کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک اسپتال اور مارکیٹ شامل ہیں۔
ہفتے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں، جان کِربی نے بتایا کہ اس حملے سے دولت اسلامیہ کے خونریز مظالم کا ثبوت ملتا ہے، جو اس شدت پسند گروہ نے شام اور عراق کے لاکھوں بے گناہ افراد کے خلاف ڈھائے ہیں، اور اس سے بین الاقوامی عزم کو تقویت دینے میں مدد ملتی ہے کہ میدان جنگ میں داعش کا مقابلہ کرنے والی فورسز کو مضبوط کیا جائے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ شام میں اپنے ساجھے داروں اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر قائم ہے، تاکہ داعش کی زیادتیوں کا خاتمہ لایا جائے اور بالآخر اس دہشت گرد تنظیم کو تباہ کیا جاسکے۔
اعلان میں کہا گیا ہے کہ ہلاکت کے اس انسانیت سوز معاملے پر 'ہم دل کی گہرائی کے ساتھ ہلاک شدگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں'۔