رسائی کے لنکس

افغانستان: ہلمند میں امریکہ کی فضائی کارروائیاں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فضائی کارروائیوں سے ایک روز قبل صوبے میں آپریشنز کے دوران ایک امریکی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔

امریکہ کی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی جنگی جہازوں نے بدھ کو افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند کے دارالحکومت کے قریب واقع مرجا کے گرد درجنوں فضائی کارروائیاں کیں جہاں افغان فورسز کی طالبان کے ساتھ شدید لڑائی جاری ہے۔

فضائی کارروائیوں سے ایک روز قبل صوبے میں آپریشنز کے دوران ایک امریکی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔ ان کارروائیوں میں افغان اسپیشل فورسز کے متعدد فوجی بھی زخمی ہو گئے تھے۔

امریکی فوج کے ترجمان کرنل مائیکل لاہارن نے کہا کہ امریکی اسپیشل فورسز بدھ کو اب بھی وہاں موجود ہیں اور مرجا اور سنگین اضلاع میں افغان فوج کے دستوں کی مدد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی مدد بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

’’امریکی فورسز نے مرجا اور اس کے اردگرد آپریشنز میں مدد کے لیے 12 فضائی کارروائیاں کیں۔‘‘

ان کارروائیوں سے ہلمند میں لڑائی کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے جہاں افغانستان پر حملے کے بعد سے اب تک باغیوں سے جنگ کے دوران سینکڑوں امریکی اور برطانوی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

صوبائی پولیس چیف عبدالرحمٰن سر جنگ نے کہا کہ پیر کو مرجا میں آپریش شروع ہونے سے اب تک 120 طالبان جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔ لیکن ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کی جا سکی کیوں کہ علاقے میں لڑائی جاری ہے۔

امریکہ اور برطانیہ نے صوبے میں اضافی اسپیشل فورسز بھیجی ہیں تاکہ افغان پولیس اور فوج کے دستوں کو تربیت دی جا سکے مگر حکام کا کہنا ہے کہ ان کا مرکزی کردار جنگ میں شامل ہونا نہیں۔

گزشتہ چھ ماہ کے دوران طالبان نے ایک بڑا حملہ کر کے صوبے کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا تھا اور افغان فورسز کو شدید مشکل میں ڈال دیا تھا۔

اگرچہ بین الاقوامی افواج نے گزشتہ سال افغانستان میں لڑاکا آپریشنز کا خاتمہ کر دیا تھا مگر امریکہ نے افغان فوج کی مدد کے لیے کچھ فضائی کارروائیاں جاری رکھی ہیں، جہاں حکام کے مطابق سپیشل فورسز کے دستے بعض اوقات لڑائی میں بھی شریک رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG