رسائی کے لنکس

قذافی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں: کلنٹن


امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن اپنے روسی ہم منصب سرجی لاروف سے مصافحہ کرتے ہوئے۔
امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن اپنے روسی ہم منصب سرجی لاروف سے مصافحہ کرتے ہوئے۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے لیبیا کے رہنما معمر قذافی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی حکمرانی کے دن گنے جا چکے ہیں اور عالمی برادری جلد ہی اُن پر اقتدار سے علیحدہ ہونے کے حوالے سے دباؤ میں اضافہ کرے گی۔

مِس کلنٹن نے یہ بیان باغیوں کی طرف سے ایک انتہائی اہم علاقے پر دوبارہ قبضہ کرنے کے بعد دیا۔ باغیوں نے بدھ کو مسٹر قذافی کی حامی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپوں کے بعد دارالحکومت طرابلس سے تقریباً 100 کلومیٹر جنوب میں القوالش کے علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ لڑائی کے دوران کم از کم دو باغی ہلاک اور 15 زخمی بھی ہوئے۔

واشنگٹن میں روس اور امریکہ کے درمیان بات چیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مِس کلنٹن کا کہنا تھا کہ دونوں ملک اس بات پر متفق ہیں کہ مسٹر قذافی کا اقتدار زیادہ عرصہ تک قائم نہیں رہے گا۔

مِس کلنٹن اور صدر براک اوباما نے روسی وزیر خارجہ سرجی لاروف کو بتایا کہ امریکہ لیبیا میں جاری بحران کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے ماسکو کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے بشطریکہ مسٹر قذافی اقتدار سے الگ ہو جائیں۔

لاروف کا کہنا تھا کہ قذافی حکومت اور باغیوں کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کا عمل جلد از جلد شروع ہونا چاہیئے۔ اُنھوں نے جنگ بندی اور سیاسی حل کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس مسئلے کا کوئی دوسرا حل نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG