رسائی کے لنکس

بیونسے اور ’جے زی‘ کے دورہٴ کیوبا کی تحقیقات کا مطالبہ


ایک طویل مدت سے تجارت پر تعزیرات کے باعث حکومتِ امریکہ کی اجازت کے بغیر کسی امریکی کو کیوبا جانے کی ممانعت ہے

ریپبلیکلن پارٹی سے تعلق رکھنے والے دو قانون سازوں نے حکومت امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بات کی تحقیق کی جائے آیا امریکی پاپ سنگر، بیونسے اور اُن کے ریپر گائیک شوہر، ’جے زی‘ نے اپنی شادی کی سالگرہ منانے کے لیے کیوبا جانے کی باقاعدہ سرکاری طور پر اجازت لی تھی۔

مشہور جوڑے نے اپنی شادی کی پانچویں سالگرہ اس ہفتے ہوانا میں منائی۔

جب وہ کیوبا کے دارالحکومت میں ہاتھوں میں ہاتھ دے کر چہل قدمی کر رہے تھے، تو ایک بڑے مجمعے نے اُن کا خیر مقدم کیا۔


سُپر اسٹارز نے شہر کے چند بہترین ریستورانوں میں کھانا تناول کیا، کیوبا کی موسیقی پر رقص کیا، ہوانا کے مرکز میں واقع تاریخی مقامات کا دورہ کیا اور اپنے دورے کے دوران آٹوگراف حاصل کرنے والے درجنوں خواہشمند شائقین کے ساتھ تصاویر کھچوائیں۔

ایک طویل مدت سے تجارت پر تعزیرات کے باعث حکومتِ امریکہ کی اجازت کے بغیر کسی امریکی کو کیوبا جانے کی ممانعت ہے۔ لیکن، صدر براک اوباما نے اس جزیرہ نما ریاست کے ساتھ تدریسی عملے، مذہبی اسکالروں اور ثقافتی تبادلوں کے لیے سفر کی پابندیاں نرم کردی ہیں۔


فلوریڈا سے ایوان نمائندگان کے ارکان، الینا روس لہٹنین اور ماریو دائز بلات نے جمعے کے روز امریکی محکمہٴخزانہ کے غیر ملکی اثاثوں کے کنٹرول سے متعلق دفتر کے ڈائریکٹر کو ایک خط ارسال کیا، جس میں اُس اطلاع کی نقل فراہم کرنے کے لیے کہا گیا ہے جس سے اس بات کا پتا چلتا ہو کہ بیونسے اور ’جے ذی‘ کو کیوبا سفر سے قبل کس نوعیت کا اجازت نامہ جاری کیا گیا تھا۔

کانگریس کے اِن دونوں ارکان کا تعلق فلوریڈا کے ضلعے سے ہے، جہاں کیوبائی نژاد امریکیوں کے کثیر آبادی ہے۔

حکومت امریکہ کے اجازت نامے کے بغیر ہر سال ہزاروں لوگ کیوبا جاتے ہیں، لیکن اُن کے خلاف قانونی چارہ جوئی اُس وقت تک نہیں کی جاتی جب تک کہ اُن کے خلاف قوانین کے انحراف کا کوئی الزام ہو۔
XS
SM
MD
LG