امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ فعال اور آزاد پریس جمہوریت کو مضبوط بناتا ہے اور حکومت کے عہدیداروں کی جواب دہی کرتا ہے۔ترجمان میتھیو ملر امریکی محکمہ خارجہ کی معمول کی پریس بریفنگ میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔
پاکستانی میڈیا میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا نام لینے پر پابندی سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ملر نے کہا کہ امریکہ عام طور پر تمام حکومتوں پر زور دیتا ہے کہ وہ صحافیوں اور میڈیا کے کردار کا احترام کریں۔
اس سوال کے جواب میں کہ پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے بارے میں امریکہ کا تازہ مؤقف کیا ہے؟, محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا،" عمران خان ایک پرائیویٹ شہری ہیں اور امریکہ کسی فرد کی انفرادی حیثیت کے بارے میں کوئی موقف نہیں رکھتا۔"
انہوں نے کہا ،" توقع کرتے ہیں کہ صحافی جو پاکستان میں واقعات کی کوریج کرتے ہیں، انہیں اپنا کام کرنے کی اجازت ہوگی کیونکہ آزاد اور فعال پریس اور میڈیا وہ ادارے ہیں جو صحت مند جمہوریت کو مضبوط کرتے ہیں، یہ یقینی بنا کر کہ ووٹر فیصلے کر سکیں اور حکومتی عہدیداروں کا احتساب کر سکیں۔"
عمران خان کے اس حالیہ دعوے کے بارے میں کہ امریکی پالیسیوں کو چیلنج کرنا ان کی حکومت کے خاتمے کا باعث بنا، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ " ہم ماضی میں بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کے الزامات بالکل غلط ہیں۔ پاکستانی سیاست پاکستانی عوام کا معاملہ ہے اور انہیں اپنے آئین اور قوانین کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔ یہ امریکی حکومت کا معاملہ نہیں ہے۔"