رسائی کے لنکس

لائف اِن امریکہ: گُڈوِل پروگرام


یفے ڈفرسو اور پرلین
یفے ڈفرسو اور پرلین

گڈوِل پروگرام ملازمتوں کےمتلاشی تارکینِ وطن کی مددکرتا ہے

یفےڈفرسو کا تعلق اتھیوپیا سےاور پرلین کا تعلق مڈگاسکر سے ہے، جوچھ ماہ قبل امریکہ آئیں، جب کہ ڈفرسو 30سال سے امریکہ میں ہیں اور اُنھیں اپنی معذوری کے سبب ملازمت حاصل کرنے میں دشواری ہوئی ہے۔

اِن دونوں نے’ گُڈوِل پروگرام‘ کےتحت تین ہفتے کی تربیت حاصل کی ہے اور اُنھیں امیدہے کہ وہ ملازمت ضرور حاصل کرلیں گے۔

پرلین کا کہنا تھا کہ ’گڈوِل ‘ ہم جیسے ملازمتوں کے متلاشی لوگوں کی مدد کرتی ہے۔ اِس کے علاوہ تارکینِ وطن کی مدد کرتی ہے کہ یہاں امریکہ میں کس طرح سے ملازمت حاصل کی جاسکتی ہے۔ پرلین کے پاس کالج ڈگری ہے اور اُنھوں نے مڈگاسکر میں ایک امریکی ترقیاتی ادارے کےلیے کام کیا ہے۔

وہ چاہتے ہیں کہ یہاں بھی اُنھیں کسی ترقیاتی ادارے میں کام ملے، جب کہ یفےکو کئی برس سے ملازمت نہیں ملی ہے اور اب وہ بُک کیپیر بننا چاہتے ہیں۔ گڈول سینٹر میں روزگار حاصل کرنے کے لیے اُن کی کونسلنگ کی جاتی ہے، جس میں یہ بھی سکھایا جاتا ہے کہ وہ انٹرویو کیسے دیں اور اپنی مہارت کی کس طرح سے مارکیٹنگ کریں۔

اِس ٹریننگ سینٹر کی منیجر کا کہنا ہے کہ اُنھیں یہ بھی سکھایا جاتا ہے کہ ملازمت کےلیے وہ درخواست کس طرح سے لکھیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں درخواست لکھنے کا انداز مختلف ہوتا ہے۔ یہاں پرملازم رکھنے والے یہی توقع کرتے ہیں کہ اِس شخص نے اب تک کیا حاصل کیا ہے، یعنی وہ اپنے بارے میں بڑھ چڑھ کربتائے، جب کہ دوسرے ملکوں میں اِس طریقے کو پسند نہیں کیا جاتا۔

تارکینِ وطن مختلف ثقافتوں کے بارے میں بھی سیکھتے ہیں کہ ملازمتوں کے لیے ہونے والے انٹرویوز میں غلط مطلب بھی لیا جاسکتا ہے جس سے اُنھیں ملازمت ملنے میں دشواری پیش آتی ہے۔

پرلین نے بتایا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ امریکہ میں ہاتھ باندھ کر بیٹھنے کا کچھ الگ مطلب لیا جاتا ہے۔ہمارے لیے اِس کا مطلب یہ ہے کہ آپ دوسرے کی بات کو بہت توجہ سے سن رہے ہیں۔ لیکن، یہاں اِس کا مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ آپ سہمے ہوئے ہیں۔

اِسی طرح، اگر آپ کسی سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہ کریں تو اُس کا مطلب ایشیا کے مقابلے میں امریکہ میں کچھ اور لیا جاتا ہے، کیونکہ امریکہ میں لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ آپ اُس کی عزت نہیں کر رہے ہیں اور دوسرے شخص سے بات کرنے کے آپ اہل نہیں ہیں۔

ڈفرسو نے کہا کہ اُنھوں نے یہ سیکھا کہ جو شخص آپ کا انٹرویو لے رہا ہو اُس سے اچھی طرح سے گفتگو کرنا کتنا ضروری ہے۔

پرلین کا کہنا تھا کہ ہمیں کپڑوں کے بھی واؤچر ملتے ہیں جو ہم گُڈوِل کی دکانوں سے لے سکتے ہیں۔ گُڈوِل کے دنیا بھر میں 2500اسٹورز ہیں جو زیادہ تر امریکہ اور کینیڈا میں ہیں۔

گُڈوِل انڈسٹریز کے سربراہ جِم گِبن کا کہنا تھا کہ اُن کے خیال میں گُڈوِل معذور لوگوں اور تارکینِ وطن کے لیے جو کچھ کرتی ہے وہ یہ ہے کہ’ آپ توقع رکھیں،‘ تمام حقائق بتائیں اور پھر جس کی آپ مدد کر رہے ہیں اُسے آپ کامیابی کے گُر سکھائیں۔

پرلین کا کہنا تھا کہ امریکہ مواقع کی سرزمین ہے۔

آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG