رسائی کے لنکس

غیر قانونی تارکین وطن کا ڈریم بل، پیش رفت رک گئی


غیر قانونی تارکین وطن ڈریم ایکٹ کی حمایت میں مظاہرہ کررہے ہیں
غیر قانونی تارکین وطن ڈریم ایکٹ کی حمایت میں مظاہرہ کررہے ہیں

اس بل کو تارکین وطن سے متعلق ایسی جامع اصلاحات کی جانب ابتدائی اقدام خیال کیا جارہاتھا جو امریکہ میں غیر قانونی طورپر مقیم ایک کروڑ 20 لاکھ افراد میں سے، جن میں سے تقریباً 20 لاکھ افراد ایسے ہیں جو اپنی کم عمری میں امریکہ میں داخل ہوئے تھے، قانونی حیثیت دینا تھا۔

امریکی سینیٹ نے اس بل کا راستہ روک دیا ہے جس کا مقصد امریکہ میں آباد غیر قانونی تارکین وطن کے ، اعلی ٰ تعلیم حاصل کرنے والے یافوج میں خدمات انجام دینے والے بچوں کو قانونی حیثیت دلاناتھا۔ ہفتے کے روز ہونے والی ایک ووٹنگ کے بعد اس بل پر پیش رفت اس سال اور ممکنہ طورپر اگلے سال تک کے لیے رک گئی ہے۔

اس بل کو تارکین وطن سے متعلق ایسی جامع اصلاحات کی جانب ابتدائی اقدام خیال کیا جارہاتھا جو امریکہ میں غیر قانونی طورپر مقیم ایک کروڑ 20 لاکھ افراد میں سے، جن میں سے تقریباً 20 لاکھ افراد ایسے ہیں جو اپنی کم عمری میں امریکہ میں داخل ہوئے تھے، قانونی حیثیت دینا تھا۔

اس بل کا مقصد ان بچوں کو فائدہ پہنچانا تھا جنہیں غیر رجسٹرڈ والدین اپنے ساتھ امریکہ لائے تھے۔ اس بل کے تحت ایسے بچوں کو امریکہ میں قانونی طورپر عارضی سکونت مل جاتی جن کی عمریں امریکہ میں داخلے کے وقت 16 سال سے کم تھیں اور جو کم ازکم پانچ سال امریکہ میں گذارچکے ہیں۔ انہوں نے ہائی سکول تک تعلیم حاصل کرلی ہو اور وہ امریکی کالجوں میں داخل ہوں یا امریکی فوج میں خدمات سرانجام دے رہے ہوں۔

بل کے حامی سینیٹر رچرڈ ڈربن
بل کے حامی سینیٹر رچرڈ ڈربن

ریاست الی نوائے سے ڈیموکریٹ سینیٹر رچرڈ ڈربن کا کہنا ہے کہ اس قانون سے جن افراد کو فائدہ پہنچ سکتا ہے ، ان کے پاس امریکہ میں سب کچھ ہے سوائے کام کرنے کے لیے قانونی کاغذات کے۔

ایوان نمائندگان نے دسمبر کے شروع میں اس بل کی منظوری دے دی تھی ۔ یہ خیال کیا جارہاتھا کہ سینیٹ کےپاس اس سال یہ بل پاس کرانے کے لیے کافی ووٹ موجود ہیں۔ مگر ری پبلیکنز کی جانب سے اس پر حتمی رائے شماری روکنے کی ایک تحریک کو ناکام بنانے کے درکار ووٹوں سے محض پانچ ووٹوں کی کمی سے یہ پیش رفت رک گئی۔

بل کے مخالفین کا کہنا تھا کہ اس قانون سے قانون توڑنے والوں کو قانونی حیثیت مل جائے گی اور یہ بل امریکہ میں غیر قانونی تارکین وطن کی آمد روکنے کی فوری ضرورت سے متضاد ہے۔

مخالفین کا یہ بھی کہناتھا کہ اس بل کے ذریعے قانونی دستاویزات کے بغیر کام کرنے والے تارکین وطن کی اس بارے میں حوصلہ افزائی ہوگی کہ وہ اپنے بچے امریکہ لے آئیں جو ان افراد کے منہ پر ایک طمانچے کے مترادف ہے امیگریشن کے تمام مراحل قانون کے مطابق پورے کرکے امریکہ آتے ہیں۔

امریکہ میں غیر قانونی طورپر مقیم افراد کی ایک بڑی تعداد ہسپانوی بولنے والوں پر مشتمل ہے اور یہ ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی اقلیت بھی ہے۔ ہسپانوی باشندے صدر اوباما کی انتخابی مہم کے دوران کلیدی ووٹ کے طورپر سامنے آئے تھے۔ اسی طرح 2006 اور 2008 میں ڈیموکریٹک پارٹی کو کانگریس میں کامیابی دلانے میں ان کا اہم کردارتھا۔

ری پبلیکنز کو خدشہ ہے کہ آنے والے برسوں میں ہسپانوی اور تارکین وطن کے دوسرے گروپوں کی بڑھتی ہوئی تعداد مستقبل کے انتخابات میں ان کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG