افغانستان میں نیٹو فورسز کے اعلیٰ امریکی کمانڈر نے سیکیورٹی مسائل پر مذاکرات کے لیے پاکستانی فوج کے سربراہ سے ملاقات کی ہے۔
پاکستان کی فوج کی جانب سے ہفتے کے روز ایک اعلان میں کہا گیاہے کہ جنرل جان ایلن نے جنرل پرویز کیانی سے ملاقات کے لیے ہفتے کے روز بذریعہ طیارہ راول پنڈی پہنچے۔
بیان کے مطابق اس ملاقات کا مقصد سرحدی علاقوں میں کارروائیوں اور اس سلسلے میں تعاون پر بات چیت کرنا تھا تاکہ بدقسمت واقعات سے بچا جاسکے۔
پاکستان نے نومبر میں اپنی ایک چوکی پر نیٹو کے فضائی حملے کے بعد، جس میں 24 پاکستانی فوجی ہلاک ہوگئے تھے، افغانستان کے لیے امریکہ اور نیٹو کا سپلائی روٹ بند کردیا تھا۔
ہفتے کے روز کی ملاقات سے، اس ماہ کے آخر میں شکاگو میں ہونے والی افغان سربراہ کانفرنس کے انعقاد سے قبل امریکہ اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔