امریکی صدارتی انتخاب میں ری پبلکن جماعت کے متوقع امیدواررِک سینٹورم نے امریکی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کو اپنے جوہری سرگرمیاں بند کرنے کے لیے "واضح پیغام" دے۔
سینٹورم کے بقول اگر ایران امریکی پیغام کے مطابق عمل نہ کرے تو امریکہ کو ازخود ایرانی جوہری تنصیبات کے خلاف کاروائی کرنی چاہیے۔
ریاست پینسلوانیا سے سابق سینیٹر نے یہ بات منگل کو امریکی یہودیوں کی بااثر تنظیم 'امریکن اسرائیل پبلک افیئرز کمیٹی' کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
امریکی سیاست میں اسرائیلی مفادات کے محافظ کی حیثیت سے معروف تنظیم کے اراکین سے خطاب میں سینٹورم کا کہنا تھا کہ جوہری طاقت کا حامل ایران دنیا بھر کے آزادی پسند انسانوں کے لیے ایک خطرہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا تو وہ دنیا بھر میں بنیاد پرست حکومتوں اور دہشت گردوں کو تحفظ دینے کے لیے ڈھال کا کردار ادا کرے گا۔
نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ری پبلکن جماعت کا امیدوار بننے کے خواہاں سینٹورم نے صدر براک اوباما پر اسرائیل پہ توجہ نہ دینے کا الزام بھی عائد کیا۔
انہوں نے اوباما انتظامیہ کے عہدیداروں کو یہ تاثر دینے پہ کڑی تنقید کا نشانہ بنایا کہ ایران جوہری ہتھیار استعمال نہیں کرے گا۔ ان کے بقول ایران سے آنے والے بیانات سے ایسا کوئی تاثر نہیں ملتا کہ وہاں باشعور لوگوں کی حکومت ہے۔
سینٹورم ری پبلکن جماعت کی نامزدگی حاصل کرنے کے خواہاں امیدواران میں سے پہلے رہنما ہیں جنہوں نے اس اہم اسرائیل نواز تنظیم کے اجلاس سے خطاب کیا ہے۔
ان کے حریف مٹ رومنی اور نیوٹ گنگرچ بھی رائے دہندگان میں اپنا اسرائیل نواز تاثر ابھارنے کے لیے آنے والے دنوں میں تنظیم کے اراکین سے خطاب کرنے والے ہیں۔