رسائی کے لنکس

امریکی صدارتی انتخابات کا طریقہ کار


موجودہ سال، امریکہ میں صدارتی انتخابات کا سال ہے۔ ملک کے سیاسی نظام کی اساس جمہوریت ہے اس لئے ممکنہ امیدواروں کو ہر ریاست میں انتخابی مہم چلا کر اپنے پارٹی اراکین کی حمایت حاصل کرنی ہوتی ہے۔ اس عمل کے مکمل ہونے پر پارٹی کنونشن ہوتے ہیں جن میں پارٹی ڈیلی گیٹس امیدوار کے بارے میں حتمی فیصلہ کرتے ہیں۔

نومبر کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے امیدوار وں کو پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنی ہوتی ہے۔ اور یہ فیصلہ پارٹی کےڈیلی گیٹس کرتے ہیں۔

ابتدائی انتخابی مرحلے میں تمام ریاستوں میں پرائمریز یا کاکسزہوتی ہیں جن میں پارٹی ووٹرز کنونشن کے لئے ڈیلی گیٹس منتخب کرتے ہیں۔ اور آخر میں پارٹی کنونشن میں جس امیدوار کے ڈیلی گیٹس کی تعداد زیادہ ہوتی ہے وہی صدارتی امیدوار نامزد ہو جاتا ہے۔

27 اگست کو جب ری پبلیکن پارٹی کا فلوریڈا میں کنونشن ہوگا تو کل 2286 ڈیلی گیٹس اس میں شرکت کریں گے۔ کسی بھی امیدوار کو نامزدگی جیتنے کے لئے 1144 ڈیلی گیٹس کی حمایت حاصل کرنی ہوگی۔

ری پبلیکن پارٹی کے دونوں فرنٹ رنرز، مٹ رومنی اور رک سینٹورم کے لئے، ڈیلی گیٹس کا حصول ایک مشکل صورتحال پیدا کر رہا ہے۔ واشنگٹن کے بعض تجزیہ کاروں کے مطابق اگرپارٹی کنونشن تک کوئی ایک امیدوار واضح طور پر سامنے نہیں آتا تو اس کا فائدہ صدر اوباما کو ہو سکتا ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کا کنونشن تین ستمبر کو شارلٹ، نارتھ کیرولائنا میں ہوگا جس میں 5554 ڈیلی گیٹس شریک ہونگے۔ صدر اوباما کو دوسری مدت کے لئے صدارتی امیدوار نامزد ہونے کے لئے 2778 ڈیلی گیٹس کی حمایت چاہیے ہوگی۔پارٹی کے اندر کوئی اور امیدوار ان کے مخالفت میں نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG