رسائی کے لنکس

امریکی صدارتی انتخابات، مٹ رومنی ری پبلیکن امیدوار بن سکتے ہیں


ری پبلیکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی جیتنے کے خواہش مندمٹ رومنی پانچ امریکی ریاستوں میں منگل کے پرائمری الیکشن میں کامیابی کے بعد اپنی منزل کے قریب تر ہوتے جارہے ہیں اور اب انہوں نے اپنی انتخابی مہم کی توجہ نومبر کے انتخابات اور صدر براک اوباما کی جانب مبذول کرلی ہے۔

رومنی نے شمال مشرقی ریاستوں، کنیٹی کٹ، ڈیلاویئر، رہوڈ آئی لینڈ ، پنسلوانیا اور نیویارک کے پرائمری الیکشن آسانی سے جیت لیے۔

نیوہمشائر میں اپنی تقریر میں رومنی نے کہا کہ ان کے حامیوں نے انہیں بتایا ہے کہ مسٹر اوباماملک کی معیشت کو اپنی ماضی کی حیثیت پر لانے میں ناکام ہوچکے ہیں جس کے باعث بے روزگاری پر قابو نہیں پایا جاسکا۔

امریکی معیشت کو شدید دھچکا 2008ء کے عالمی اقتصادی بحران سے لگا تھا۔

مٹ رومنی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم آج رات سے ایک بہتر امریکہ کا سفر شروع کررہے ہیں۔

ریاست میساچوسٹس کے سابق گورنر یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ وہ اپنی فتح کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں۔ انہیں قومی سطح پر 1144 ڈیلی گیٹس کی ضرورت ہے جب کہ اب تک کے پرائمری انتخابات میں وہ 695 ڈیلی گیٹس حاصل کرچکے ہیں۔ اور اس تعداد کے اعتبار سے وہ اپنے مدمقابل امیدواروں سے کہیں آگے ہیں۔

پارٹی کی نامزدگی جیتنے کی صورت میں نومبر میں ان کا مقابلہ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر براک اوباما سے ہوگا ۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدر اوباما اپنے عہدے کی دوسری مدت کے لیے امیدوار ہیں ۔

XS
SM
MD
LG