رسائی کے لنکس

جان برینن کو 'سی آئی اے' کا سربراہ نامزد کیے جانے کا امکان


اطلاعات ہیں کہ صدر براک اوباما جلد ہی برینن کی 'سی آئی اے' کے ڈائریکٹر کے عہدے پر نامزدگی کا اعلان کریں گے۔

انسدادِ دہشت گردی کے امور پر امریکی صدر کے مشیرِ اعلیٰ جان برینن کو امریکی خفیہ ادارے 'سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے)' کا نیا سربراہ نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔

اطلاعات ہیں کہ صدر براک اوباما جلد ہی برینن کی 'سی آئی اے' کے ڈائریکٹر کے عہدے پر نامزدگی کا اعلان کریں گے۔

صدر براک اوباما نے2009ء میں پہلی بار عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد بھی 'سی آئی اے' کی سربراہی جان برینن کو سونپنے پر غور کیا تھا لیکن ناقدین کی جانب سے ان کے ماضی پر اعتراضات کے باعث برینن نے خود ہی یہ ذمہ داری قبول کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

برینن پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ ماضی میں 'سی آئی اے' کی جانب سے مشتبہ ملزمان سے تفتیش کے اپنائے گئے ان طریقوں کا حصہ رہے ہیں جنہیں متنازع اور انسانی حقوق کے برخلاف تصور کیا جاتا ہے۔

برینن ماضی میں بھی ایک طویل عرصہ تک 'سی آئی اے' سے منسلک رہ چکے ہیں جب کہ وہ مسلم دنیا کے اہم ملک سعودی عرب میں بھی امریکی خفیہ ایجنسی کے اسٹیشن چیف کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

صدر کی جانب سے 'سی آئی اے' کا ڈائریکٹر نامزد کیے جانے کی صورت میں برینن کو امریکی سینیٹ سے اپنی نامزدگی کی توثیق کا چیلنج درپیش ہوگا۔

سینیٹ کی منظوری کی صورت میں وہ 'سی آئی اے'کے سابق سربراہ ڈیوڈ پیٹریاس کی جگہ سنبھالیں گے جنہوں نے دورانِ ملازمت ایک غیر ازدواجی تعلق کا انکشاف ہونے پر نومبر میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
XS
SM
MD
LG