ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر اعتماد
امریکہ کے صدر اور ری پبلکن جماعت کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی نتائج سے متعلق پر اعتماد دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نتائج کے اعتبار سے ہم ملک بھر میں پر امید ہیں۔
پولنگ کا عمل مکمل، ووٹوں کی گنتی جاری
امریکہ میں منگل کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے تمام ریاستوں میں پولنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
امریکہ کی تمام 50 ریاستوں میں منگل کو ہونے والی پولنگ کے دوران بڑی تعداد میں ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
پولنگ ڈے سے قبل تقریباً 10 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز ارلی ووٹنگ کے ذریعے پہلے ہی اپنا حق رائے دہی استعمال کر چکے تھے۔
بائیڈن کو 13 اور ٹرمپ کو 11 ریاستوں میں برتری حاصل
صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق امریکہ کی 50 ریاستوں میں سے 24 ریاستوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آچکے ہیں جس کے مطابق ڈیموکریٹس کو 13 ریاستوں جب کہ ری پبلکن کو 11 ریاستوں میں برتری حاصل ہے۔
ابتدائی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن اب تک 188 الیکٹورل ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کے ری پبلکن حریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب تک 82 الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکہ کا صدر بننے کے لیے کسی بھی امیدوار کو 538 میں سے 270 الیکٹرز کی حمایت درکار ہوتی ہے۔
کس امیدوار کو کس ریاست میں برتری حاصل ہے؟
صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن کو نیو یارک، واشنگٹن، اوریگون، ورمونٹ، نیو ہیمپشر، کیلی فورنیا، میری لینڈ، الی نوائے، نیو جرسی، نیو میکسیکو، میسا چوسٹس، کنیٹی کٹ، ڈیلا ویئر اور کولوراڈو میں برتری حاصل ہے۔
ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ساؤتھ ڈکوٹا، نارتھ ڈکوٹا، کنساس، اوکلاہوما، میزوری، آرکنسا، انڈیانا، ٹینیسی، الاباما، ویسٹ ورجینیا، نبراسکا، ساؤتھ کیرولائنا، وائیومنگ اور یوٹا میں آگے ہیں۔