رسائی کے لنکس

امریکی اخباری اداریے، مضامین: سال 2011ء کے اہم واقعات


حمص میں احتجاجی مظاہرہ
حمص میں احتجاجی مظاہرہ

’لاس انجلیس ٹائمز‘ نے سال 2011ء کے ایسے سیاسی واقعات کی فہرست ترتیب دی ہے، جِن سے مقامی، قومی اور عالمی سطح پر اہم تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ اِس لِسٹ میں پہلے نمبر پر جمہوریت کے لیے مشرقِ وسطیٰ میں اُٹھنے والی تحریکوں کو رکھا گیا ہے

امریکہ کے بیشتر بڑے اخبارات نے آج سال 2011ء کے پسِ منظر اور نئے سال کے پیشِ منظر میں اداریے اور مضامین شائع کیے ہیں۔

اخبار ’لاس انجلیس ٹائمز‘ نے سال 2011ء کے ایسے سیاسی واقعات کی فہرست ترتیب دی ہے، جِن سے مقامی، قومی اور عالمی سطح پر اہم تبدیلیاں رونما ہوئیں اور اِس لِسٹ میں پہلے نمبر پر جمہوریت کے لیے مشرقِ وسطیٰ میں اُٹھنے والی تحریکوں کو رکھا گیا ہے۔ تاہم، اخبار لکھتا ہے کہ آمر حکمرانوں سے چھٹکارا پانے کے باوجود ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ وہاں آنے والی تبدیلی مثبت ہوگی کا پہلے سے بدتر؟

اخبار کے مطابق، دوسرا اہم واقعہ یورپ میں آنے والا مالیاتی بحران ہے۔ اگر یورپی ممالک نے اپنے قرضے کے مسائل حل نہ کیے تو اِس کا اثر امریکہ اور یورپی دنیا کی معیشت پر پڑ سکتا ہے۔

اخبار کے مطابق، تیسرےنمبر پر 2011ء کا اہم واقعہ یہ رہا کہ امریکہ کی ریپبلیکن پارٹی صدر اوباما کے خلاف کھڑا کرنے کے لیے ابھی تک کوئی امیدوار نہیں چُن سکی۔

چوتھے نمبر پر اخبار نے امریکہ میں ہونے والے اُن مظاہروں کو رکھا ہے جو سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف نیو یارک کی وال اسٹریٹ میں شروع ہوئے اور پھر مغربی دنیا میں پھیل گئے۔

اخبار لکھتا ہے کہ پانچویں نمبر پر یہ بات اہم رہی کہ صدر اوباما کا ایک نیا روپ سامنے آیا۔ 2008ء میں جب اُن کو منتخب کیا گیا تھا تو سب سمجھتے تھے کہ اُن کی پالیسیاں صدر بش کی پالیسیوں سے بالکل مختلف ہوں گی۔ لیکن، 2010ء میں جب ریپبلیکن پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہونے لگا تو صدر اوباما نے اپنے کچھ منصوبے ترک کردیے، جِن میں سے ایک گوانتانامو بے کے قیدخانے کو بند کرنا تھا۔

اخبار کے مطابق، 2011ء کا چھٹا اہم واقعہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت تھا۔ اخبار لکھتا ہے کہ گو کہ القاعدہ کے راہنما کو ہلاک کردیا گیا لیکن اُس کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان کشیدگی اتنی بڑھی کہ اب حالات یہاں تک پہنچ گئے ہیں کہ امریکہ کو اپنا ڈرون آپریشن معطل کرنا پڑا ہے اور پاکستان میں اپنا ایک اہم فوجی اڈا بھی بند کرنا پڑا ہے۔

ساتویں، آٹھویں اور دسویں نمبر پر کیلی فورنیا ریاست کے مقامی واقعات کو رکھا گیا ہے، کیونکہ اخبار اِسی ریاست سے شائع ہوتا ہے۔ البتہ، اخبار کے مطابق، 2011ء کا نویں نمبر پر آنے والا اہم واقعہ شمالی کوریا کے راہنما کِم جونگ اِل کی ہلاکت تھی، جس کے بعد اُن کا 30سال سے بھی کم عمر بیٹا جوہری طاقت رکھنے والے ملک کے سربراہ بن گیا ہے۔

اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ میں لکھے گئے ایک مضمون میں کہا گیا ہے کہ سال 2011ء میں قرضوں کی حد پر طویل بحث امریکی کی کریڈٹ ریٹنگ یعنی درجہ بندی میں تنزلی کا ایک سبب بنی تھی، جِس کے اثرات دنیا کی معیشتوں پر بالواسطہ یا بلا واسطہ طور پر محسوس کیے گئے۔

تفصیل کے لیے آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG