رسائی کے لنکس

امریکہ: راشد حسین انسداد دہشت گردی کے لیے خصوصی نمائندہ تعینات


راشد حسین محکمہ خارجہ اور مختلف ایجنسیوں سے منتخب کردہ لوگوں کی ایک ٹیم کی قیادت کریں گے جو کہ دنیا بھر میں پرتشدد انتہا پسندی کے انسداد کے لیے مشاورت اور تبادلہ خیال کرے گی۔

صدر براک اوباما نے راشد حسین کو اسٹریٹیجک انسداد دہشت گردی برائے رابطہ کاری کے لیے امریکہ کا خصوصی نمائندہ تعینات کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق راشد حسین محکمہ خارجہ اور مختلف ایجنسیوں سے منتخب کردہ لوگوں کی ایک ٹیم کی قیادت کریں گے جو کہ دنیا بھر میں پرتشدد انتہا پسندی کے انسداد کے لیے مشاورت اور تبادلہ خیال کرے گی۔

راشد حسین اس دوران سنٹر فار اسٹریٹیجک کاؤنٹر ٹیررازم کمیونیکیشنز کے رابطہ کار کے طور پر بھی کام کریں گے۔

یہ سنٹر 2010ء میں صدر اوباما اور سابق وزیرخارجہ ہلری کلنٹن کی ہدایت پر بنایا گیا تھا اور اس کا قیام صدر کے ایگزیکٹو آرڈر سے عمل میں آیا تھا۔

2010ء سے نمائندہ خصوصی راشد حسین اسلامی ممالک کی تنظیم "او آئی سی" کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی کے فرائض انجام دیتے آرہے تھے جس میں بڑے مسلم ممالک اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر وسیع تر امریکی پالیسی کے تحت مسلمان ملکوں اور سماجی برادریوں کے لیے کام کرتے رہے۔

اس سے قبل وہ وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی، نئے میڈیا اور سائنس و ٹیکنالوجی کے معاملات کی معاون کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔

راشد حسیین امریکی محکمہ انصاف کی طرف سے مقدمات کی پیروی کرنے کے علاوہ ایوان کی عدالتی کمیٹی کے قانون سازی سے متعلق امور کے نائب بھی رہ چکے ہیں۔

37 سالہ راشد حسین کے آباؤ اجداد کا تعلق بھارت سے ہے لیکن وہ عرصہ دراز سے امریکہ میں مقیم ہیں۔

XS
SM
MD
LG