امریکی انتظامیہ نے واشنگٹن میں تعینات وینزویلا کے سفیر کا ویزا منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق وینزویلا کے واشنگٹن میں تعینات سفیر برنارڈو الواریز کے امریکی ویزہ کی منسوخی کا فیصلہ وینزویلا کی جانب سے کاراکاس کیلیے نئے امریکی سفیر کی تعیناتی تسلیم نہ کرنے کے جواب میں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں وینزویلا نے امریکہ کی جانب سے کاراکاس کیلیے متعین کردہ نئے سفیر لیری پالمر کی تعیناتی تسلیم نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وینزویلن انتظامیہ لیری پالمر کی جانب سے دیے گئے اس بیان پر برافروختہ ہے جس میں انہوں نے وینزویلن افواج کا مورال پست قرار دینے کے علاوہ صدر ہیوگو شاویز کی انتظامیہ پر پڑوسی ملک کولمبیا میں سرگرم کمیونسٹ گوریلوں کی مدد کرنے کاا لزام عائد کیا تھا۔
شاویز انتظامیہ کی جانب سے نئے امریکی سفیر کے بیان کو ان کے منصب کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا تھا۔ وینزویلن صدر کا موقف ہے کہ وینزویلا میں تعینات ہونے والے دیگر ممالک کے سفراء کو ان کے ملک کی عزت کرنا ہوگی۔
بدھ کے روز اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے حکام نے واشنگٹن میں تعینات امریکی سفیر کا ویزہ منسوخ کرنے کے عمل کو وینزویلن انتظامیہ کے اقدامات کا "درست، بروقت اور متناسب" جواب قرار دیا۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لیری پالمر کو امریکی انتظامیہ کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔