وینزویلا کی عوام اتوار کو اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہی ہے جب کہ انتخابات کے نتیجے میں قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے ارکان کی تعداد میں اضافے کا امکان متوقع ہے۔
صدر ہوگو شاویز نے قومی اسمبلی میں بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اپنے حلیفوں کے لیے بھرپور مہم چلائی ہے تا کہ وہ اس قانون ساز ادارے پر اپنا کنٹرول قائم رکھ سکیں۔ رواں برس اپریل میں حزب اختلاف کے رہنماؤں نے کہا تھا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ وہ 165 رکنی قومی اسمبلی کی ہر نشت پر اپنا امیدوار نامزد کریں۔
2005ء میں حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا، جس کے بعد صدر شاویز کے لیے اپنے ایجنڈے کی پارلیمان سے منظوری انتہائی آسان ہو گئی تھی۔
وینزویلا میں افراط زر اور جرائم میں اضافے کے باعث گذشتہ دو برسوں میں صدر شاویز کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔