رسائی کے لنکس

روس کو یوکرین میں مداخلت بند کرنا ہوگی: جان کیری


کونگو کے دارالحکومت پہنچنے پر امریکی وزیر ِخارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے روسی ہم منصب کو یوکرین میں علیحدگی پسندوں کی مدد فوری طور پر بند کرنے کا کہا ہے۔

امریکی وزیر ِخارجہ جان کیری کی جانب سے یوکرین میں جاری جھڑپوں کی بھرپور مذمت کی گئی ہے۔ جان کیری کا کہنا ہے کہ اگر روس نے اپنی روش نہ بدلی اور یوکرین میں مداخلت ختم نہ کی تو اسے شدید معاشی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی وزیر ِخارجہ ان دنوں افریقہ کے دورے پر ہیں۔ جان کیری نے ہفتے کے روز روسی وزیر ِخارجہ سرگئی لاوروف سے رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے یوکرین کے معاملے پر تبادلہ ِ خیال کیا۔

جان کیری نے اس موقعے پر یوکرین میں ’آرگنائزیشن فار سیکورٹی اینڈ کو آپریشن اِن یورپ‘ کے ان یورپی مشاہدین کی رہائی کا خیر مقدم کیا جو علیحدگی پسندوں کے قبضے میں تھے۔


امریکی وزیر ِخارجہ نے کانگو کے لیے دوران ِ پرواز روسی ہم منصب کو ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ کیا۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکہ اور روس دونوں ہی سوئس حکام سے رابطے میں رہیں گے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ یورپ کی سیکورٹی اور کوآپریشن سے متعلق تنظیم ’او ایس سی ای‘ یوکرین میں تناؤ کم کرنے کے لیے مزید کیا اقدامات اٹھا سکتی ہے۔

اس موقعے پر امریکی وزیر ِخارجہ نے یوکرین میں تشدد پر دونوں فریقوں پر تاسف کا اظہار کیا اور جمعے کے روز اوڈیسا میں ہونے والے اس حملے کی شدید مذمت کی جس میں
درجنوں افراد ہلاک ہوئے۔

کونگو کے دارالحکومت کنشاشہ پہنچنے پر امریکی وزیر ِخارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے روسی ہم منصب کو کہا ہے کہ روس کو علیحدگی پسندوں کی مدد فوری طور پر بند کرنی چاہیئے اور مشرقی اور جنوبی یوکرین میں علیحدگی پسندوں کے قبضے میں موجود سرکاری عمارتوں سے علیحدگی پسند ہٹانے میں مدد کرنی چاہیئے۔

امریکی وزیر ِخارجہ کے الفاظ، ’اگر روس کی جانب سے علیحدگی پسندوں کی حمایت جاری رہی اور اگر علیحدگی پسندوں نے یوکرین کے انتخابات میں مداخلت کی کوشش کی تو پھر روس پر مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی‘۔

دوسری جانب روسی وزیر ِخارجہ سرگئی لاوروف کی جانب سے ماسکو سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق روسی وزیر ِخارجہ نے جان کیری کو بتایا کہ امریکہ کو یوکرین کی حکومت پر دباؤ ڈالنا چاہیئے کہ وہ جنوبی مشرقی یوکرین میں اپنا آپریشن فوری طور پر روکے‘۔

سرگئی لارورف کا کہنا تھا کہ وہ اور جان کیری یوکرین میں یورپ کی سیکورٹی اور کوآپریشن سے متعلق تنظیم ’او ایس سی ای‘ کے کردار کو بڑھانے پر متفق تھے۔

XS
SM
MD
LG