رسائی کے لنکس

سنکیانگ میں ایغور اقلیت پر تشدد، امریکہ نے چین کے چار اہلکاروں پر تعزیرات عائد کر دیں


شین کئانگو (دائیں ہاتھ پر)۔
شین کئانگو (دائیں ہاتھ پر)۔

امریکہ نے جمعرات کے روز چین کے چار اہلکاروں پر تعزیرات عائد کردی ہیں، جن میں ملک کے طاقتور پولٹبیورو کا ایک رکن بھی شامل ہے۔

ان پر الزام ہے کہ وہ ایغور مسلمان اقلیتی کمیونٹی کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ اس بات کا امکان ہے کہ اس اقدام کے نتیجے میں امریکہ اور چین کے درمیان تناؤ کے شکار تعلقات مزید شدت اختیار کریں گے۔

ان تعزیرات میں سنکیانگ خطے کے کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری شین کئانگو اور سنکیاگ کا پبلک سیکیورٹی بیورو شامل ہیں۔

یہ اعلان ایسے وقت کیا گیا ہے جب امریکہ اور چین کے درمیان پہلے ہی سے چین کی جانب سےکرونا وائرس کی وبا سے نبردآزما ہونے اور ہانگ کانگ پر قبضہ جمانے کے سنگین اقدامات کے نتیجے میں سخت تناؤ کی صورت حال ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے کہا ہے کہ ''امریکہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ سنکیانگ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے اپنی اقلیتوں کے خلاف روا رکھے جانے والے سلوک کے خلاف اٹھ کھڑی ہو، جنھیں حراست، جبری مشقت، مذہبی تشدد، زبردستی اسقاط حمل اور اسٹرلائزیشن پر عمل پیرا کا سامنا ہے۔​''۔

اس اعلان پر واشنگٹن میں امریکی سفارت خانے سے رابطہ کیا گیا۔ لیکن اس نے فوری طور پر بیان دینے سے انکار کیا۔

تاہم، چین اپنے اقلیتی گروپ کے خلاف بدسلوکی کی اطلاعات کو مسترد کرتا ہے یہ کہتے ہوئے کہ وہاں قائم کیمپوں میں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جاتی ہے، جس سے شدت پسندی سے نمٹنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ تعزیرات 'گلوبل میگنسکی ایکٹ' کے تحت عائد کی گئی ہیں۔ اس وفاقی قانون کی رو سے دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کو نشانہ بنا کر ان کے امریکہ میں اثاثہ جات کو منجمد کیا جاتا ہے، امریکہ کے سفر پر پابندی لگائی جاتی ہے، جب کہ امریکیوں کی جانب سے ان کے ساتھ کسی طرح کی لین دین پر بندش عائد کی جاتی ہے۔

یہ تعزیرات چین کے طاقتور پولٹبیورو کے ایک رکن، شین؛ خطے کے پارٹی کے ایک سابق معاون سیکرٹری، زو ہیلم؛ سنکیانگ کے پبلک سیکیورٹی کے ڈائریکٹر اور کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری وینگ منگ شون؛ اور بیورو کے ایک سابق پارٹی سیکرٹری، ہو لیجون کے خلاف لگائی گئی ہیں۔

ایک بیان میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ وہ شین، زو اور وینگ کے خلاف فوری طور پر ویزا کی مزید پابندیاں لگانے کا اعلان کرتے ہیں؛ جن کے نتیجے میں وہ یا ان کے اہل خانہ امریکہ کا سفر نہیں کر سکیں گے۔

XS
SM
MD
LG