رسائی کے لنکس

پاک بھارت مذاکرات کا تسلسل خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہے: جان کیری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بیان کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے امریکی وزیرخارجہ کو بتایا کہ "ہم شفاف طریقے اور تیزی سے تحقیقات کررہے ہیں اور سچ کو سامنے لائیں گے۔"

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ بھارتی فضائی اڈے پر دہشت گرد حملے کے باوجود پاکستان اور بھارت اپنے مذاکرات جاری رکھیں گے۔

یہ بات انھوں نے ہفتہ کو دیر گئے وزیراعظم نواز شریف کو کیے گئے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہی۔

وزیراعظم ہاوس سے جاری ایک بیان کے مطابق جان کیری نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات علاقائی استحکام کے لیے ضروری ہیں اور ان کے بقول دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم مذاکرات کے تسلسل کو یقینی بنائیں۔

گزشتہ ہفتے پاکستانی سرحد کے قریب واقع پٹھانکوٹ میں بھارتی فضائی اڈے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اور کئی روز تک جاری رہنے والے آپریشن میں حکام نے تمام چھ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا بتایا جب کہ اس میں ایک افسر سمیت سات سکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے۔

پاکستان اور بھارت نے گزشتہ ماہ باہمی جامع مذاکرات بحال کرنے کا اعلان کیا تھا اور دونوں ملکوں کے مابین سیکرٹری خارجہ سطح کی ملاقات رواں ماہ کے وسط میں طے ہے۔

لیکن پٹھانکوٹ حملے کے بعد بھارت کی طرف سے ایسے اشارے مل رہے تھے کہ شاید یہ مذکرات طے شدہ طریقے سے آگے نہ بڑھ سکیں کیونکہ بھارتی حکام کی طرف سے یہ بیانات سامنے آئے کہ اس حملے سے متعلق پاکستان کو "قابل عمل"معلومات فراہم کر دی گئی ہیں اور اسلام آباد اس حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔

وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ نے ہفتہ کو ہی صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کا نظام الاوقات تبدیل نہیں ہوا ہے۔

بیان کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے امریکی وزیرخارجہ کو بتایا کہ "ہم شفاف طریقے اور تیزی سے تحقیقات کررہے ہیں اور سچ کو سامنے لائیں گے۔" وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ کر رہا ہے اور وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

نواز شریف کے بقول پاکستان کے تمام ریاستی ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم نواز شریف کو پٹھان کوٹ دہشت گرد واقعہ کی حقیقت جاننے کے لیے مکمل تعاون اور معاونت کی پیشکش بھی کی۔

پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ ریاض کھوکھر نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ امریکہ ایک بڑی طاقت ہے اور وہ بھی چاہتا ہے کہ خطے میں کشیدگی نہ ہو۔

لیکن ان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں ہمسایہ ممالک کی قیادت تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ ہے تو انھیں کسی بھی واقعے کو پس پشت رکھتے ہوئے پوری دلچسپی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG