رسائی کے لنکس

امریکی سینیٹ نے 1.1 کھرب کا اخراجاتی بل منظور کر لیا


ہفتہ کو دیر گئے ہونے والی رائے شماری میں 40 کے مقابلے 56 ووٹوں سے سینیٹ نے اخراجاتی بل منظور کر لیا جس کے بعد حکومت کے شٹ ڈاون کا خطرہ ٹل گیا۔

امریکہ کی سینیٹ نے 2015ء کے لیے ایک کھرب دس ارب ڈالر کے اخراجات کی منظوری دے دی ہے۔

ہفتہ کو دیر گئے ہونے والی رائے شماری میں 40 کے مقابلے 56 ووٹوں سے سینیٹ نے اخراجاتی بل منظور کر لیا جس کے بعد حکومت کے شٹ ڈاون کا خطرہ ٹل گیا۔

اب یہ بل وائٹ ہاوس بھیجا جائے گا جس پر صدر براک اوباما کے دستخط کے بعد یہ قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔

ریپبلکن پارٹی کے نئے منتخب ہونے والے سینیٹر ٹیڈ کروز جو صدر بننے کے عزائم رکھتے ہیں، نے بل سے ان فنڈز کی کٹوتی پر رائے شماری کا مطالبہ کیا جو صدر اوباما کے امیگریشن سے متعلق انتظامی فیصلے کے تحت استعمال ہو سکتے ہیں۔

تاہم قواعد و ضوابط کا سہارا لیتے ہوئے سینیٹ کے اکثریتی رہنما نیویڈا سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک سینیٹر ہیری ریڈ نے مسٹر اوباما کی طرف سے انتظامی اور عدالتی عہدوں کے لیے کی گئی کئی نامزدگیوں کی منظوری حاصل کر لی جن کی منظوری جنوری میں مشکل ہو جاتی جب ریپبلکن کو سینیٹ میں کنڑول حاصل ہو جائے گا۔

اخراجاتی بل سے ستمبر تک تقریباً تمام حکومتی امور کے لیے فنڈ فراہم ہو جائیں گے تاہم ہوم لینڈ سکیورٹی کے لیے فنڈز کی صرف 27 فروری تک منظوری دی گئی ہے۔ ریپبلکن اُس وقت صدر پر اپنی امیگریشن پالیسی کو واپس لینے کے لیے زور دیں گے جس سے امریکہ میں غیر قانونی طور پر رہنے والے لاکھوں تارکین وطن کی ملک بدری کا خطرہ ختم ہو گیا ہے۔

صدر اوباما نے جمعہ کو کہا تھا کہ اس بل میں ایسے اقدامات شامل ہیں جو انہیں پسند نہیں ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ اس میں ایسے امور شامل ہیں جو صحت کی انشورنس پر پیش رفت، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، بچوں کی ابتدائی تعلیم اور روزگار کے مواقع بڑھنے کو یقینی بنائیں گے۔

ایوان نمائندگان اخراجاتی بل کی منظوری جمعرات کو دے چکی ہے۔

ہفتہ کو سینٹ کا ہونے والا اجلاس اس کی طرف سے 585 ارب ڈالر کے دفاعی اخراجاتی بل کی منظوری کے ایک روز بعد ہوا۔

دفاعی اخراجاتی بل میں افغانستان اور عراق سمیت سمندر پار کارروائیوں کے لیے تقریباً 64 ارب ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔

اس بل میں 'دولت اسلامیہ ' کے شدت پسندوں سے لڑنے کے لیے بھی اخراجات کی منظوری دی گئی ہے جس میں شامی معتدل باغیوں کی تربیت اور ان کو سازوسامان فراہم کرنا بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG