رسائی کے لنکس

پاکستانی نژاد شاہد خان امریکی فٹ بال لیگ ٹیم کا مالک


شاہد خان نیو انگلینڈ پیٹریاٹس ٹیم کے مالک رابرٹ کرافٹ کے ہمراہ
شاہد خان نیو انگلینڈ پیٹریاٹس ٹیم کے مالک رابرٹ کرافٹ کے ہمراہ

دیگر ٹیموں کے مالکان کی طرح شاہد خان بھی ایک امیر آدمی ہیں۔ لیکن ان کی زندگی کی کہانی بہت مختلف ہے۔

امریکہ کی نیشنل فٹ بال لیگ کی تقریباً تمام ٹیموں کے مالکان مقامی ہیں لیکن اب ان میں ایک ایسے مالک کا بھی اضافہ ہو گیا ہے جن کا تعلق پاکستان سے ہے۔ درحقیقت این ایف ایل میں کسی بھی ٹیم کے وہ واحد غیر امریکی مالک ہیں۔

شاہد خان فلوریڈا کے شہر جیکسن ویل کا ایک جانا پہچانا نام ہے۔ 63 سالہ یہ کاروباری شخصیت امریکی طرز کی پروفیشنل فٹبال ٹیم "جیکسن ویل جیگوار" کے مالک ہیں۔

دیگر ٹیموں کے مالکان کی طرح شاہد خان بھی ایک امیر آدمی ہیں۔ لیکن ان کی زندگی کی کہانی بہت مختلف ہے۔ امریکہ آنے سے پہلے وہ پاکستان میں پلے بڑھے جہاں کرکٹ پسندیدہ ترین کھیلوں میں شمار ہوتی ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو میں جیگوار ٹیم کی ملکیت کے تجربے پر اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خان نے کہا کہ یہ ایک زبردست لیگ ہے۔

"ظاہر ہے میں نے بہت سے دوسرے مالکان سے ملاقاتیں کیں تاکہ میں اس لیگ اور اس کی رہنمائی کے بارے میں جان سکوں، لیگ اور اس کی لیڈرشپ کے بارے میں، میں چیئرمین راجر اور باقی اسٹاف سے ملا۔ یہ ایک زبردست آرگنائزیشن ہے۔"

شاہد خان کا تعلق پاکستانی شہر لاہور سے ہے۔ 1967ء میں وہ 16 سال کی عمر میں "تعلیم، شہرت اور دولت" کی تلاش میں امریکہ پہنچے۔ اس وقت ان کے پاس صرف پانچ سو ڈالر تھے اور انھوں نے یہاں ایک ڈالر 20 سینٹ فی گھنٹہ اجرت پر برتن بھی دھوئے۔

شاہد خان نے وسطی مغربی ریاست ایلینوئے میں رہائش اختیار کی۔ یونیورسٹی آف ایلینوئے سے انجینئرنگ کی ڈگری کی تعلیم کے دوران وہ گاڑیوں کے پرزہ جات بنانے والی کمپنی "فلیکس-این-گیٹ" میں کام بھی کرتے رہے۔

اس کمپنی کو شاہد خان اپنی قابلیت سے 1980ء میں اس قابل بنا دیا کہ اس کے امریکہ اور بیرون ملک 50 پلانٹس اور آمدن تین ارب ڈالر سے زیادہ ہوگئی۔

شاہد نے اپنی امریکہ آمد اور یہاں ہونے والے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ 1.20 ڈالر فی گھنٹہ اجرت پر کام کرنے کا تجربہ میرے لیے آزادی کی طرح کا تھا، میں نے سوچا کہ کیا یہی وہ خواب تھا جس کے لیے میں یہاں آیا، پھر میں نے خود سے کہا کہ سب سے زبردست بات یہ ہے کہ میں خودمختار ہوں اور اپنی قسمت کا مالک ہوں اور میں جو بننا چاہوں وہ بن سکتا ہوں۔‘‘

امریکی طرز فٹ بال میں شاہد خان کی دلچسپی کا آغاز یونیورسٹی آف ایلینوئے میں تعلیم کے دوران ہوا۔

’’مجھے یہ بہت پسند ہے کیونکہ ایک لحاظ سے یہ بہت آسان بھی ہے اور پیچیدہ بھی، جس لمحے آپ کو لگتا ہے کہ آپ کچھ سمجھ گئے ہیں تو آپ کو پتا چلتا ہے کہ نہیں آپ نہیں سمجھے۔ میں ایک مداح کے طور پر یہ کھیل دیکھتا تھا پھر جیسے جیسے وقت آگے بڑھا میں نے سوچا شاید کوئی ایسا دن ہو جب میں بھی ایک ٹیم کا مالک بن سکوں۔‘‘

2011ء میں انھوں نے نیشنل فٹبال لیگ کی ٹیم سینٹ لوئس ریمز کو خریدنے کی کوششوں میں ناکامی کے بعد جیگوارز اطلاعات کے مطابق 76 کروڑ ڈالرز میں خرید لی۔

شاہد خان برطانوی پریمیئر فٹبال کی ٹیم فلہام ایف سی کے بھی مالک ہیں۔
XS
SM
MD
LG