امریکہ نے 30 غیرملکی کمپنیوں اور افراد پر پابندیاں لگا دی ہیں جن کے متعلق کہا گیا ہے وہ میزائل پروگرام سے منسلک حساس نوعیت کی ٹیکنالوجی ایران منتقل کرنے یا ایران، شمالی کوریا اور شام کے لیے برآمدت پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے جمعے کے روز جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہےان میں گیارہ کمپنیوں یا افراد کا تعلق چین اور شمالی کوریا، یا متحدہ عرب امارات سے ہے جنہوں نے تہران کو ایسی ٹیکنالوجی منتقل کی جس سے اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو آگے بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مزید 19 کمپنیوں یا افراد پر ایران، شمالی کوریا اور شام سے متعلق جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے قانون کی خلاف ورزی کے تحت پابندیاں لگائی گئی ہیں۔
محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ یہ قیاس کیا جاتا ہے کہ انہوں نے حساس نوعیت کی ٹیکنالوجی یا تو منتقل کی یا حاصل کی جس کی مدد سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار تیار کیے جاسکتے ہیں۔