رسائی کے لنکس

امریکہ:کووڈ۔19 کی روک تھام کی پالیسیاں چیلنج، سپریم کورٹ میں مقدمے کی سماعت


امریکی عدالت عظمیٰ جمعے سے انتظامیہ کی پالیسیوں کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت کا آغاز کر رہی ہے۔ 7 جنوری، 2022ء
امریکی عدالت عظمیٰ جمعے سے انتظامیہ کی پالیسیوں کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت کا آغاز کر رہی ہے۔ 7 جنوری، 2022ء

امریکی عدالت عظمیٰ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کی کووڈ 19 سے نمٹنے کے لیے اختیار کردہ دو پالیسیوں کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت کا جمعے کے دن آغاز ہو رہا ہے، جس دوران ان احکامات پر دلائل سنے جائیں گے،جو انتظامیہ نے سرکاری اداروں کے توسط سے جاری کیے ہیں۔

ایک بیان میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے کہا ہے کہ مہلک وبا ''کووڈ 19 کی روک تھام کے حوالے سے یہ پالیسیاں خاص اہمیت کی حامل ہیں''۔

زیر سماعت مقدمے میں ان پالیسیوں پر نظر ثانی کی جائے گی جو ہدایات پیشہ ورانہ تحفظ اور صحت کی انتظامیہ یعنی 'اکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایڈمنسٹریشن (او ایس ایچ اے)' اور سینٹرز فار میڈیکیئراینڈ میڈیکیڈ سروسز (سی ایم ایس) کے توسط سے جاری کی گئی تھیں۔

'او ایس ایچ اے' کی پالیسی میں 100 یا اس سے زیادہ کارکنوں والے نجی ادارے کے مالکان سے تقاضا کیا گیا ہے کہ وہ یہ بات یقینی بنائیں کہ ان کے ملازمین مکمل طور پر ویکسین شدہ ہوں یا پھر ان کا ہر ہفتے کرونا ٹیسٹ کیا جائے۔

سینٹر فار میڈیکیئر اینڈ میڈیکیڈ سروسز (سی ایم ایس) کے جاری کردہ ہدایت نامے کے تحت صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات سے وابستہ کارکنان جو وفاقی میڈیکیئر اور میڈیکیڈ سے رقوم حاصل کرتے ہیں، ان کے لیے لازم ہے کہ انھوں نے ویکسین کی مکمل خوراکیں لے رکھی ہوں۔ اس ضمن میں استثنیٰ صرف انہی افراد کو مل سکتا ہے جو اپنے مخصوص مذہبی عقائد کے باعث یہ احکامات بجا نہ لا سکیں۔

ریپبلکن قیادت والی ریاستوں اور کاروبار اور مذہبی گروہوں کے اتحاد نے ان پالیسیوں اور ان کے عملی نفاذ کو چیلنج کیا ہے۔ ساتھ ہی، انھوں نے ان ہدایات کے باعث کمپنیوں اور ان کے کارکنان پر پڑنے والے اثرات سے متعلق سوالات اٹھائے ہیں۔

تاہم، امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن اور امریکن پبلک ہیلتھ ایسوسی ایشن کے علاوہ صحت کے وفاقی ادارے سے تعلق رکھنے والے متعدد سابق اہل کاروں نے ان ہدایات کی توثیق کر رکھی ہے۔

یہ مقدمہ ایک ایسے موقع پر باقاعدہ شنوائی کے لیے سپریم کورٹ کے سامنے لایا گیا ہے، جب ملک کی کئی نچلی عدالتوں کے فیصلوں میں ان پالیسیوں کے حوالے سے مختلف آرا کا اظہار کیا گیا ہے۔

کووڈ 19 کے باعث امریکہ میں اب تک لاکھوں افراد بیمار ہو چکے ہیں، جب کہ 800،000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG