امریکی محکمہ ِخرانہ کی جانب سے لشکر ِ طیبہ کے دو راہنماؤں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
بدھ کو جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں، امریکی محکمے کی جانب سے محمد حسین گِل اور نذیر احمد چوہدری پر پابندی لگانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
محمد حسین گِل لشکر ِطیبہ کے بانیوں میں سے ہیں۔
نذیر احمد چوہدری کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ لشکر ِطیبہ کے سینئیر راہنما رہ چکے ہیں اور محمد سعید کے قریبی ساتھیوں میں سے ہیں۔
محکمہ ِخزانہ کے لیے دہشت گردی اور معاشی امور سے متعلق انٹیلیجنس کے انڈر سیکریٹری، ڈیوڈ کوہن کا کہنا ہے کہ، ’امریکی محکمہ ِخزانہ کی جانب سے یہ اقدام ثابت کرتا ہے کہ امریکہ دہشت گردی سے نمٹنے کی ذمہ داری پر پوری طرح کاربند ہے، اور دہشت گرد گروپوں کی معاشی سرگرمیوں پر قدغن اسی سمت میں ایک اقدام ہے‘۔
دوسری جانب، امریکی محکمہ ِخارجہ نے پہلے ہی لشکر ِ طیبہ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کا درجہ دے رکھا ہے۔
امریکی محکمہ ِخزانہ کا کہنا ہے کہ محکمہ ِخزانہ اور محکمہ ِخارجہ نے مل کر 22 افراد اور چار ’اینٹیٹیز‘ پر، لشکر ِطیبہ سے تعلق کی بنا پر، پابندیاں عائد کی ہیں۔