رسائی کے لنکس

لائف ان امریکہ: بے دعویٰ ملکیت


لائف ان امریکہ: بے دعویٰ ملکیت
لائف ان امریکہ: بے دعویٰ ملکیت

امریکہ کی ریاست ارکنسا میں 19ستمبر کو اخبارات نے ایک خصوصی سیکشن چھاپا۔ اِس سیکشن میں نیوز رپورٹس نہیں تھیں۔ تصاویر بھی نہیں تھیں۔ اشتہارات بھی نہیں تھے۔ پھر آخر اِس سیکشن میں اخبار والوں نے چھاپا کیا؟

اِن صفحات پر کچھ نام اور کچھ پتے چھاپے گئے۔

یہ کس کے نام اور پتے تھے؟ دراصل، ارکنسا میں یہ آغاز ہے ایک ماہ تک جاری رہنے والی Great Arkansas Treasure Huntکا، یعنی’ ارکنسا کے عظیم خزانے کی تلاش‘ ۔ اور یہ خزانہ وہ ہے جو لاکھوں ڈالر کی نقد رقم اور ذاتی جائیداد پر مشتمل ہے اور اُن لوگوں میں تقسیم ہونا ہے جو اِس کے جائز حقدار ہیں۔ اِسے کہتے ہیں Unclaimed Propertyیعنی ایسی جائیداد و املاک جس کا کوئی دعویدار نہ ہو۔

یہ کوئی انشورنس چیک ہو سکتا ہے جو آپ کو ملا ہو، لیکن آن نے اِسے کیش ہی نہ کرایا ہو اور بھول گئے ہوں۔

پھر، یہ رقم قیمتی پتھر، اسٹاکس اور بانڈز ہو سکتے ہیں جو ممکن ہے آپ کے اِس جہاں سے رخصت ہونے والے والدین کے بینک بلاک باکس میں رہ گئے ہوں۔

بینک اور انشورنس کمپنیاں ایسی قیمتی اشیاٴ کو نہیں رکھ سکتیں۔قانون کے مطابق، اِن اداروں کو یہ اشیاٴ ریاست کے سپرد کرنا چاہئیں جو اِن کے حقیقی مالک کو ڈھونڈ نے کے لیے سنجیدہ کوششیں کرتی ہے، اور اِس طرح، دوسری امریکی ریاستوں کی طرح، ارکنسا میٕں بھی ایسی ہی قیمتی چیزوں کی فہرست مرتب کی گئی اور پھر اُن کے ورثا کی تلاش میں اخباروں اور آن لائن نام اور پتے چھاپ دیے جاتے ہیں۔

اِس سال، ارکنسا میں دعویٰ نہ کی گئی ملکیت کی مالیت 23ملین ڈالر ہے، جب کہ گذشتہ برسوں کے 150ملین ڈالر بھی موجود ہیں جن کے مالک ابھی تک نہیں ملے۔

ریاست نقد رقم کو بینک میں جمع کرادیتی ہے جب کہ دوسری قیمتی چیزوں کو ریاست کے دارالخلافہ شہر Little Rockمیں دو بڑے سیفز میں رکھا جاتا ہے۔ اِس میں کچھ ایسی چیزیں ہیں جو جذباتی قدرو قیمت کی حامل ہیں، جیسے ایک Bini Baby Doll Collectionہے، اور پھر دوسری عالمی جنگ کے دو میڈلز بھی ہیں۔

ارکنسا میں ایسے ہی غیر معمولی نوادرات ہیں جِن کا کوئی دعویدار نہیں۔ دو برتن بھی شامل ہیں جِن میں انسانی باقیات کی راکھ ہے۔

اگر ایسی چیزوں کا کوئی بھی حق دار ہے تو وہ کبھی بھی اس کا تقاضا کرسکتا ہے، کیونکہ دعویٰ کرنے کے لیے دی گئی مدت کبھی ختم نہیں ہوتی۔

گذشتہ برس، ریاست ارکنسا میں تقریباً 60لاکھ افراد کو یا تو کچھ رقم ملی تھی یا پھر اپنی کھوئی ہوئی قیمتی یا نادر چیز۔

اب آپ ہی سوچیئے: کیا کوئی بھی لاٹری اِس ساری صورتِ حال کا مقابلہ کرسکتی ہے؟

آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG