امریکہ میں بے روزگاری کی سطح میں معمولی اضافہ ہوا ہے اور یہ شرح 4.6 فی صد سے بڑھ کر 4.7 فی صد ہوگئی ہے۔
امریکی محکمہ محنت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر کے دوران ملکی معیشت میں ایک لاکھ 56 ہزار روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔
روزگار کے مواقعوں میں اضافہ اقتصادی ماہرین کی توقعات سے قدرے کم رہا۔
جمعے کے روز جاری ہونے والی رپورٹ سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ اجرتوں میں ایک فی صد کے ایک چوتھائی یعنی تقریباً 10 سینٹ فی گھنٹہ کے لگ بھگ اضافہ ہوا۔
پچھلے سال کے دوران اجرتوں میں عمومی طور پر 2.9 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو سال بھر کی مجموعی افراط زر کی شرح سے زیادہ ہے۔
لیبر ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2016 کے دوران امریکہ بھر میں روزگار کے 22 لاکھ مواقع پیدا ہوئے۔ یہ تعداد پچھلے سال کی نسبت کم ہے۔
امریکی محکمہ تجارت کی جانب سے جاری ہونے والی ایک الگ رپوررٹ میں بتایا گیا ہے کہ نومبر میں ملکی تجارتی خسارے میں لگ بھگ 7 فی صد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ نے جتنی مالیت کی اشیاء بیرونی ملکوں کو فروخت کیں اور سمندر پار سے درآمد کیں ان میں فرق 45 ارب ڈالر سے زیادہ رہا۔ طیاروں، موٹر گاڑیوں اور زرعی آلات کی برآمدات میں کمی دیکھی گئی جب کہ تیل کی درآمد میں ایک فی صد اضافہ ہوا۔