رسائی کے لنکس

مائیک پینس کا خاقان عباسی کو فون، مغویوں کی بازیابی پر اظہارِ تشکر


فائل
فائل

امریکی اور کینیڈا کے مغوی شہریوں کی رہائی کے حوالے سے امریکی نائب صدر نے توجہ دلائی کہ ’’یہ کاوش خطے میں دہشت گردی کے خلاف امریکی حکمتِ عملی کو پاکستان کی جانب سے ملنے والی حمایت کے ضمن میں اہمیت کی حامل ہے‘‘۔

نائب صدر مائیک پینس نے بدھ کے روز پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، ’’نائب صدر نے امریکہ اور کینیڈا کے مغوی شہریوں کو بازیاب کرانے میں عباسی حکومت کی مدد پر شکریہ ادا کیا، جنھیں حقانی طالبان نیٹ ورک نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں قید کر رکھا تھا‘‘۔

امریکی نائب صدر نے توجہ دلائی کہ ’’یہ کاوش خطے میں دہشت گردی کے خلاف امریکی حکمتِ عملی کو پاکستان کی جانب سے ملنے والی حمایت کے ضمن میں اہمیت کی حامل ہے‘‘۔

اُنھوں نے ’’اِس بات کی نشاندہی کی کہ شدت پسند گروپوں کے خلاف تعاون جاری اور برقرار رکھا جائے گا‘‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’مائیک پینس نے کہا کہ جیسا کہ گذشتہ ماہ نیو یارک میں ہونے والی ملاقات میں بات ہوئی تھی، نائب صدر نے اُس طریقہٴ کار کے بارے میں پھر گفتگو کی کہ پاکستان امریکہ اور دیگر کے ساتھ کس طرح سے کام کرسکتا ہے، تاکہ جنوبی ایشیا میں استحکام اور سکیورٹی کو فروغ دیا جاسکے‘‘۔

ادھر پاکستانی ذرائع کے مطابق، اپنی سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے پاکستانی عہد کا اعادہ کرتے ہوئے، وزیر اعظم عباسی نے امریکی نائب صدر کو یقین دلایا کہ امریکہ کی جانب سے عمل کے قابل انٹیلی جنس کے تبادلے کی صورت میں، پاکستان اقدام کرے گا۔

دونوں راہنماؤں نے اعلیٰ سطحی رابطے قائم رکھنے پر اتفاق کیا، تاکہ باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنایا جا سکے۔

نائب امریکی صدر نے مستقبلِ قریب میں دورہٴ پاکستان کی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی دعوت قبول کی۔

اِس سے قبل، امریکی وزیر خارجہ، ریکس ٹلرسن نے بھی ٹیلی فون کیا جس میں یرغمالیوں کی بحفاظت بازیابی پر امریکہ کی جانب سے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

XS
SM
MD
LG