رسائی کے لنکس

امریکہ کے نائب وزیر خارجہ آئندہ ہفتے ایشیا کا دورہ کریں گے


نائب وزیرخارجہ بلنکن
نائب وزیرخارجہ بلنکن

بلنکن جو صدر اوباما کے ایک سکیورٹی ایڈوائزر بھی رہ چکے ہیں، بیجنگ، ٹوکیو اور سیئول میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقا ت کریں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ نائب وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن آئندہ ہفتے اپنے ایشیا کے دورے کے دوران بیجنگ اور ٹوکیو کے ساتھ متوقع طور پر داعش کے خلاف تعاون کے طریقہ کار کے بارے میں بات کریں گے۔

بلنکن جو صدر اوباما کے ایک سکیورٹی ایڈوائزر بھی رہ چکے ہیں، بیجنگ، ٹوکیو اور سیئول میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقا ت کریں گے۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ بیجنگ میں بات چیت کا محور اقتصادیات، شمالی کوریا، ایران سے متعلق سکیورٹی چیلنجز اور داعش کی طرف سے درپیش خطرات ہوں گے۔

شدت پسند گروہ داعش نے گزشتہ ایک سال کے دوران شام میں اغواء کیے گئے امریکی، برطانوی اور جاپانی شہیریوں کے سر قلم کیے ہیں اور ایک تازہ ترین بہیمانہ واقعہ میں اس نے یرغمال بنائے گئے اردن کی فضائیہ کے ایک پائلٹ کو زندہ جلا دیا۔

عہدیدار کا کہنا ہے کہ چین کی اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوا ہے اور ایک بڑی تعداد میں چینی کمپنیاں اور کارکن بیرون ملک کام کررہے ہیں جس کی وجہ سے عالمی سلامتی سے چین کا بھی مفاد وابستہ ہے۔

عہدیدار نے مزید کہا کہ "اس وجہ سے چین کی طرف سے امریکہ کے ساتھ ایشیا بحرالکاہل کے خطے سے پار بھی تعاون اور مشاورت کے عمل پربڑھتی ہوئی رضامندی نظر آتی ہے"۔

بلنکن ٹوکیو کے دورے کے دوران ممکنہ طور پر انتہا پسند کے خطرے سے نمٹنے کے بارے بھی بات کریں گے۔

جاپان داعش کے خلاف امریکہ کی قیادت میں ہونے والی فوجی کارروائیوں کا حصہ نہیں ہے تاہم جاپانی حکومت اور اداروں نے مشرق وسطیٰ میں انسانی امداد اور ترقیاتی کاموں کے لیے خاصی رقم فراہم کی ہے جس میں شام اور عراق کے مہاجرین کی امداد کے لیے فراہم کیے گئے 20 کروڑ ڈالر بھی شامل ہیں۔

جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے کہہ چکے ہیں کہ داعش کی طرف اس کے دو شہریوں کینجی گوٹو اور ہارونا کے سرقلم کیے جانے کے باوجود امداد جاری رہے گی۔

XS
SM
MD
LG