|
امریکہ کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں چھ رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی۔
جمعرات کو ہیوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں امریکہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں بنگلہ دیش کو 145 رنز کا ہدف دیا، تاہم بنگال ٹائیگرز 138 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔
امریکہ کی جانب سے اسٹوین ٹیلر 31، مونک پٹیل نے 42، ایرون جونز 35 اور کوری اینڈرسن 11 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جواب میں بنگلہ دیش کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ تنزید حسین 19، سومیا سرکار صفر، نجم الحسن شنتو 36، توحید ہرودئی 25 اور شکیب الحسن 30 رنز بنا سکے۔
امریکہ کی جانب سے پاکستانی نژاد بالر علی خان نے 3.3 اوورز میں 25 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
امریکہ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی۔
امریکہ میں کرکٹ ایک غیر مقبول کھیل سمجھا جاتا ہے، تاہم آئندہ ماہ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کو ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے امریکہ کے مختلف شہروں میں کرکٹ اسٹیڈیم تیار کیے گئے ہیں۔
امریکی ٹیم کی کامیابی کس کے لیے خطرہ
امریکی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ 'اے' میں شامل ہے۔ اس گروپ میں پاکستان، بھارت، آئرلینڈ اور کینیڈا کی ٹیمیں ہیں۔
گروپ اے میں امریکی ٹیم کو اس لیے بھی ایڈوانٹج حاصل ہے کیوں کہ اس کا مقابلہ تقریباً ایسی ٹیموں سے ہو گا جس کے کھلاڑیوں کی اعصابی کیفیت سے وہ واقف ہوں گے۔
امریکی ٹیم کی قیادت چوں کہ ایک بھارتی نژاد امریکی مونک پٹیل کر رہے ہیں اور ٹیم میں آدھے سے زیادہ یعنی چھ کھلاڑی بھارتی نژاد امریکی ہیں۔ ایسے میں امریکی ٹیم کو اپنے گروپ میں نہ صرف ہوم کنڈیشنز کا فائدہ ہو گا بلکہ اسے گروپ میں شامل پاکستان، بھارت اور کینیڈا کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی مائنڈ ریڈنگ میں بھی زیادہ دشواری پیش نہیں آئے گی۔
کینیڈا کی ٹیم میں بھی کئی بھارتی نژاد کینیڈین شامل ہیں۔
نہ صرف گروپ 'اے' کا بلکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان نو جون کو ہو گا۔ لیکن اس سے قبل چھ جون کو پاکستان اور امریکہ کی ٹیمیں مدِ مقابل آئیں گی۔
عالمی مقابلے میں جانے سے قبل پاکستان ٹیم کو انگلینڈ کا چیلنج درپیش ہے جس کے خلاف چار ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بدھ کو شروع ہو رہی ہے۔
فورم