رسائی کے لنکس

امریکہ: ایک ہفتے میں بے روزگاری الاؤنس کی 66 لاکھ درخواستیں


نیویارک میں محکمہ محنت کے دفتر کے باہر درخواست گزار کرونا وائرس کی وجہ سے فاصلہ دے کر کھڑے ہیں۔18 مارچ 2020
نیویارک میں محکمہ محنت کے دفتر کے باہر درخواست گزار کرونا وائرس کی وجہ سے فاصلہ دے کر کھڑے ہیں۔18 مارچ 2020

امریکہ میں بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواست دینے والوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ محنت نے بتایا ہے کہ پچھلے ہفتے 66 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ افراد نے اپنی درخواستیں جمع کرائیں جن میں کہا گیا تھا کہ ان کی ملازمت ختم ہو گئی ہے، اس لیے انہیں بے روزگاری الاؤنس دیا جائے۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ بے روزگاروں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ کئی افراد بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواست دینے کی شرائط پر پورا نہیں اترتے۔

اس سلسلے میں تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ایک کروڑ سے زیادہ کارکنوں کی ملازمتیں ختم ہو گئی ہیں، جس کی وجہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے ڈر سے کاروباروں، صنعتوں اور سروسز سے وابستہ اداروں کی بندش ہے۔ یہ خدشات موجود ہیں کہ آنے والے ہفتوں میں لاک ڈاؤن کے باعث مزید لاکھوں افراد بے روزگاروں کی فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں جس سے بے روزگاری الاؤنس طلب کرنے والوں میں مزید اضافہ ہو گا۔

کرونا وائرس امریکی معیشت کو، جو مسلسل ترقی کر رہی تھی، تیزی سے کساد بازاری کی جانب دھکیل رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواست دینے والوں کی تعداد سن 2008 کی کساد بازاری میں پہلے چھ مہینوں میں بے روزگاری الاؤنس لینے والوں سے بڑھ گئی ہے۔

امریکہ کے ماہرین معاشیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جولائی تک ساڑھے 16 کروڑ کارکنوں پر مشتمل امریکی ورک فورس میں سے ڈھائی سے چار کروڑ تک افراد اپنے روزگار سے محروم ہو سکتے ہیں، جس سے دنیا کی سب سے بڑی معیشت اپریل تا جون کی سہ ماہی میں کساد بازاری میں چلی جائے گی۔

پچھلے ہفتے 33 لاکھ افراد نے بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواست دی تھی۔ اس ہفتے کی تعداد گزشتہ ہفتے سے دو گنا سے بھی زیادہ ہے۔

بے روزگاری الاؤنس کے لیے سب سے زیادہ درخواستیں امریکہ کی سب سے گنجان آباد ریاست کیلی فورنیا سے دائر کی گئیں جن کی تعداد 8 لاکھ 80 ہزار ہے۔ اس کے بعد مشرقی ریاست پنسلوانیا کا نمبر آتا ہے جہاں سے چار لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس فہرست میں نیویارک 3 لاکھ 66 ہزار کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

صدر ٹرمپ نے حال ہی میں کرونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے لیے جس 2 ٹریلین ڈالر کے پیکیج کا اعلان کیا ہے، اس میں 250 ارب ڈالر بے روزگار ہونے والوں کی مدد کے لیے رکھے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG