ڈرامہ سیریل ’بشرمومن‘ میں عمدہ اداکاری سے شہرت پانے والی اداکارہ عشنا شاہ اب سلور اسکرین پر بھی اپنا سکہ جمانے کی تیاریاں کر رہی ہیں۔
عشنا شاہ جواد بشیر کی نئی فلم میں جلوہ گر ہوں گی۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں اُنھوں نے بتایا کہ فلم میں وہ محب مرزا کے مقابل مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ’'فلم کا نام تو ابھی نہیں رکھا گیا، لیکن فلم رومینٹک کامیڈی ہوگی جس میں ایک اور مرد کردار کا انتخاب ابھی باقی ہے۔ فلم کی کہانی 'لو ٹرائی اینگل' پر مبنی ہے۔‘'
عشنا کا مزید کہنا تھا کہ ''فلم میں میرے کردار کے بہت سے رنگ ہیں اور یہ ایسا کردار ہے جو میں ہمیشہ سے کرنا چاہتی تھی۔ فلم کی ہیروئن ایسی لڑکی ہے جو کینیڈا سے تعلیم حاصل کرکے آئی ہے۔ وہ بااعتماد ہے اور اپنی محبت کے بارے میں حساس بھی۔“
عشنا شاہ ٹی وی اور فلموں میں خواتین کو روتے دھوتے کرداروں میں پیش کرنا پسند نہیں کرتیں گو کہ خود انہوں نے اپنی مقبول سیریل 'بشرمومن' میں کچھ ایسا ہی کردار ادا کیا تھا۔
عشنا شاہ کے بقول، ”مجھے اب تک جو بھی رول آفر ہوئے ان میں مرد اداکاروں کا کردار مرکزی اور اسٹرونگ تھا۔ میں ایسی فلم کرنا چاہتی تھی جس میں لڑکی کا کردار اہم ہو۔ یہ فلم ایسی ہی ہے۔ اس میں عورت کو بیچاری کے روپ میں پیش نہیں کیا گیا۔ اب تک جو کردار میں ٹی وی پر کرتی آئی ہوں یہ اس سے بالکل ہٹ کرہے۔ وہ دو لڑکوں کی محبت کا مرکز ہے اور دونوں ہی اسے اچھے لگتے ہیں لیکن وہ بری لڑکی نہیں۔“
فلم کے رواں سال کے آخر میں ریلیز ہونے کی توقع ہے جبکہ کاسٹ میں سلمان شاہد اور’نامعلوم افراد‘ کے اسٹار محسن عباس حیدر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔