رسائی کے لنکس

یوکرین: تشدد جاری، روس کا محفوظ راہدری کا مطالبہ


لہانسک
لہانسک

روسی ذرائع کے مطابق، پیر کے دِن پانچ افراد اُس وقت ہلاک ہوئے جب ایک لڑاکا طیارے نے لہانسک شہر میں واقع علاقائی انتظامیہ کی ایک عمارت کو ہدف بنایا، جہاں خودساختہ ’لہانسک پیپلز ریپبلک‘ کے علیحدگی پسند اہل کار رہتے ہیں

یوکرینی حکومت کی افواج نے پیر کے روز مشرقی یوکرین میں روس نواز علیحدگی پسندوں کے خلاف لڑائی جاری رکھی، جو علاقہ روسی سرحد سے زیادہ فاصلہ پر نہیں ہے، ایسے میں جب روس نے ’انسانی ہمدردی کی راہداریاں‘ تشکیل دیے جانے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ، بقول اُس کے، علاقے کے باشندوں کو تشدد سے بچ نکلنے کی راہ میسر آسکے۔

یہ لڑائی اُس وقت چھڑی جب لہانسک شہر کے مضافات میں تقریباً 100 علیحدگی پسند جنگجوؤں نے یوکرین کی سرحد کے محافظ دستے پر حملہ کیا۔ یہ حملہ پیر کو مقامی وقت کے مطابق، آدھی رات کے بعد کیا گیا، جو مقام روسی سرحد سے 30 کلومیٹر دور واقع ہے۔

حملہ آور خودکار رائفلوں، دستی بموں اور بھاری دہانے کے گولوں سے مسلح تھے، جن کی نفری میں، بعدازاں، سینکڑوں اضافی ہتھیاربند علیحدگی پسندوں کا اضافہ ہوگیا۔

سرحدی محافظوں کے شعبے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ حملے میں پانچ باغی ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے، جب کہ سات سلامتی سے متعلق اہل کار بھی زخمی ہوئے، جن میں کم از کم چار کی حالت تشویش ناک ہے۔

مشرقی یوکرین میں نام نہاد ’یوکرین کی انسداد دہشت گردی کی کارروائی‘ کے ترجمان، ولادیسلاو سلیزنوف نے کہا ہے کہ حملے کے مقام کی طرف لڑاکا طیارے روانہ کیے گئے جس کے بعد علیحدگی پسندوں کی بڑے دہانے سے گولہ باری کرنے والی دو چوکیاں خاموش پڑ گئیں۔

روسی خبر رساں اداروں نے اطلاع دی ہے کہ پیر کے دِن پانچ افراد اُس وقت ہلاک ہوئے جب ایک لڑاکا طیارے نے لہانسک شہر کے اندر واقع علاقائی انتظامیہ کی ایک عمارت کو ہدف بنایا، جہاں خودساختہ ’لہانسک پیپلز ریپبلک‘ کے علیحدگی پسند اہل کار رہائش پذیر ہیں۔

تاہم، ’یوکرینی نیوز ایجنسی‘ نے سلیزنیف کے حوالے سے اِس رپورٹ کو مسترد کیا ہے کہ عمارت پر فضائی حملہ کیا گیا۔

جاری تشدد کی کارروائیوں کے تناظر میں، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے پیر کے روز کہا ہے کہ روس پیر کے دِن ہی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک مسودہ پیش کرنے والا ہے جس میں مشرقی یوکرین میں ’انسانی ہمدردی کی بنیاد پر محفوظ راہداریاں‘ قائم کرنے کے لیے کہا جائے گا، تاکہ لڑائی میں پھنسے ہوئے لوگ وہاں سے نکل سکیں۔

لاوروف نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس مسودہٴقرارداد کے ذریعے اُس علاقے میں جاری تشدد کی کارروائیوں کو بند کیے جانے پر زور دیا جائے گا، اور بتایا کہ وہاں کی صورت حال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔

منتخب صدر، پیٹرو پوروشنکو نے 25 مئی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG