رسائی کے لنکس

امریکہ: جو بائیڈن کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا امکان


فائل
فائل

نائب صدر کے قریبی حلقوں کے مطابق انہوں نے اب تک انتخاب میں حصہ لینے سے متعلق اپنے عملے سے کوئی بات نہیں کی ہے

امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن کے قریبی حلقوں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ وہ 2016ء کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کرسکتے ہیں۔

نائب صدر کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ جو بائیڈن کے قریبی مشیر آئندہ صدارتی انتخاب میں ان کی شرکت کے متعلق سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں بعض حلقوں سے رابطے بھی کیے گئے ہیں۔

جو بائیڈن کے انتخاب لڑنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے ان کےحامیوں کی جانب سے تشکیل دی جانے والی تنظیم 'ڈرافٹ بائیڈن' نے بھی نائب صدر کے انتخاب میں حصہ لینے کے امکان کی تصدیق کی ہے۔

نائب صدر کے آنجہانی صاحب زادے بیو بائیڈن کے ایک قریبی مشیر اور انتخابی حکمتِ عملی کے ماہر جوش الکورن حال ہی میں 'ڈرافٹ بائیڈن' سے منسلک ہوگئے ہیں جس کے بعد ان خبروں کو تقویت ملی ہے کہ نائب صدر صدارتی انتخاب کے میدان اتر سکتے ہیں۔

الکورن اس سے قبل جوبائیڈن کے آنجہانی صاحبزادے بیو بائیڈن کے بھی اس وقت مشیرِ اعلیٰ اورمالیاتی امور میں معاون رہ چکے ہیں جب وہ ریاست ڈیلاور کے اٹارنی جنرل تھے۔

بیو بائیڈن دماغ کے سرطان کے باعث رواں سال مئی میں انتقال کرگئے تھے۔اپنے بیٹے کی علالت کے باعث جو بائیڈن کے مشیروں نے رواں سال کے آغاز میں نائب صدر کے آئندہ انتخاب میں حصہ لینے کا امکان مسترد کردیا تھا۔

لیکن اب اطلاعات ہیں کہ نائب صدر کے قریبی مشیر اور حلقے ایک بار پھر انتخاب میں حصہ لینے کے امکان پر غور کر رہے ہیں اور اسی مقصد کے لیے جوش الکورن کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

الکورن جو بائیڈن کی 2008ء کی انتخابی مہم سے بھی منسلک رہے ہیں جس کے دوران انہوں نے نائب صدر کی انتخابی مہم کے لیے چندہ اکٹھا کیا تھا۔

امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹس کے قائد ہیری ریڈ بھی الکورن کی خدمات سے مستفید ہوچکے ہیں جن کی وسیع انتخابی مہم کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کی نگرانی بھی الکورن کے سپرد تھی۔

نائب صدر کے قریبی حلقوں کے مطابق انہوں نے اب تک انتخاب میں حصہ لینے سے متعلق اپنے عملے سے کوئی بات نہیں کی ہے اور نہ ہی انہیں اس بارے میں منصوبہ بندی کی کوئی ہدایت دی ہے۔

لیکن نائب صدر کے قریبی مشیروں اور ڈیموکریٹ پارٹی کو چندہ دینے والےبڑے اداروں اور شخصیات کے درمیان حال ہی میں ہونے والے رابطوں کے بعد ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملی ہے کہ بیو بائیڈن کے انتقال کے صدمے سے باہر آنے کے بعد نائب صدر کے مشیروں نے ایک بار پھر ان کے انتخاب میں حصہ لینے کے امکان پر غور شروع کردیا ہے۔

نائب صدر کے عملے کے نزدیکی ذرائع نے خبر رساں اداروں کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ جو بائیڈن کی جانب سے 2016ء کے انتخاب میں حصہ لینے یا نہ لینے سے متعلق حتمی فیصلہ ستمبر کے اوائل میں سامنے آسکتا ہے۔

سابق وزیرِ خارجہ اور 2016ء کے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ پارٹی کے ٹکٹ کے حصول کے لیے اب تک سامنے آنے والی سب سے مضبوط امیدوار ہیلری کلنٹن سے نالاں پارٹی حلقے بھی کسی ایسے مضبوط امیدوار کی تلاش میں ہیں جو سابق خاتونِ اول کی ٹکر کا ہو اور عوام کے سامنے ان کے متبادل کے طور پر پیش کیا جاسکے۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ نائب صدر کے جواں سال صاحبزادے کے انتقال کے بعد امریکہ کے عوام میں ان کے ساتھ ہمدردی کی جو لہر پیدا ہوئی تھی وہ انہیں سیاسی طور پر فائدہ پہنچا سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG