برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے کہا ہے کہ اگر میمو گیٹ اسکینڈل میں سپریم کورٹ یا وزارتِ خارجہ نے اُنھیں طلب کیا تو وہ جانے کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ اُن کی صحت سفر کی اجازت دے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنماؤں نے تین روز قبل سپریم کورٹ میں دائرکردہ ایک درخواست میں واجد شمس الحسن کو طلب کرکے دو مئی کو ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کی وضاحت کا مطالبہ کیا ہے، جِن میں اُن سے یہ بات منسوب کی گئی تھی کہ اسامہ بن لادن کے خلاف کی گئی کارروائی کا پاکستانی حکام کو علم تھا۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں واجد شمس الحسن کو میمو گیٹ میں فریق بنانے اور درخواست کا فیصلہ ہونے تک اُن کی پاکستان سے باہر جانے پر پابندی لگانے کی استدعا کی گئی تھی۔
’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے واجد شمس الحسن کا کہنا تھا کہ اِس سلسلے میں اُنھیں ابھی تک کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ لیکن، وہ بابر اعوان سے قانونی مشورہ کریں گے۔