روس نے وال اسٹریٹ جرنل کے ایک رپورٹر کو جاسوسی کے شبہ میں حراست میں لے لیا ہے۔
روس کی ایف ایس بی سیکیورٹی سروس نے جمعرات کو کہا کہ امریکی اخبار دی وال سٹریٹ جرنل کےرپورٹر ایون گیرشکووچ کو جاسوسی کے شبہ میں حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ حراست یاکا ترنبرگ شہر کے علاقے یورل میں عمل میں آئی۔
خبر رساں ادارے انٹرفیکس نے ایک بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ ایف ایس بی کے مطابق اس نے ’’امریکی شہری گرشکووچ ایون کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روک دیا ہے‘‘۔
ایون گیرشکووچ، جو سن1991 میں پیدا ہوئے تھے، روسی وزارت خارجہ کے تسلیم شدہ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے ماسکو بیورو کے نمائندے تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ان پر امریکی حکومت کے مفادات کے لیے جاسوسی کرنے کا شبہ ہے۔
اس رپورٹ کےمنظر عام پر آنے کےبعد اخبار نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گیرشکووچ کو ’’ امریکہ کی جانب سے فوجی دفاعی کمپلیکس کے اداروں میں سے ایک کی سرگرمیوں‘‘ کے متعلق معلومات اکٹھی کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔
تاہم بیان میں اس سلسلےمیں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔
(اس خبر میں شامل معلومات رائٹرز سے لی گئی ہیں)