رسائی کے لنکس

واشنگٹن: ترک سفارت خانے کے باہر مظاہرہ


دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن میں ایک شخص وہ بھی شامل ہے جو کہ پولیس پر حملہ کرنے میں ملوث ہے۔

واشنگٹن میں ترکی کے سفارت خانے کے باہر احتجاجی مظاہرے کے دوران دو گروپوں میں تصادم سے نو افراد زخمی ہوئے جب کہ دو کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

یہ جھگڑا ترک سفارت خانے کے باہر جمع ہونے والے ترک صدر کے حامیوں اور اُن کے مخالفین کے درمیان ہوا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایک عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں سے دو افراد کو شدید زخم آئے اور اُنھیں ایمبولینس گاڑیوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

مظاہرے کے بعد ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے اہلکاروں کو ترک سفارت خانے کی عمارت کے قریب بلا لیا گیا۔

میٹروپولیٹن محکمے کے ترجمان کے ڈسٹن اسٹرنبیک نے کہا ہے کہ دو گروپوں کے درمیان تکرار کے بعد جھگڑا ہوا، تاہم اُنھوں نے اس مظاہرے کی شروعات اور اس کے جھگڑے میں بدلنے کے بارے میں مزید وضاحت نہیں کی۔

اُنھوں نے کہا کہ دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن میں ایک شخص وہ بھی شامل ہے جو کہ پولیس پر حملہ کرنے میں ملوث ہے۔

واضح رہے کہ سفارت خانے کے باہر یہ جھگڑا ایسے وقت ہوا، جب ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ترک سفارت خانے کے باہر پیش آنے والے واقعے پر تبصرے سے گریز کیا۔

XS
SM
MD
LG