رسائی کے لنکس

وسیم اکرم پاکستانی ٹیم کو بالنگ سکھائیں گے


فائل
فائل

سابق لیفٹ آرم فاسٹ بالر جون میں برطانیہ میں ہونے والے 'آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی' ٹورنامنٹ سے قبل ایک خصوصی کیمپ میں فاسٹ بالروں کو تربیت دیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جون میں ہونے والی 'چیمپئنز ٹرافی' سے قبل قومی ٹیم کے بالر وں کو تربیت دینے کے لیے سابق کپتان وسیم اکرم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بدھ کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں 'پی سی بی' نے کہا ہے کہ سابق لیفٹ آرم فاسٹ بالر جون میں برطانیہ میں ہونے والے 'آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی' ٹورنامنٹ سے قبل ایک خصوصی کیمپ میں فاسٹ بالروں کو تربیت دیں گے۔

بیان کے مطابق 10 روزہ کیمپ کراچی میں ہوگا جس میں قومی ٹیم میں شامل بالروں کے ساتھ ساتھ بعض نوجوان اور نوآموز بالر بھی شریک ہوں گے۔

وسیم اکرم کو پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا کامیاب ترین فاسٹ بالر سمجھا جاتا ہے جن کے کریڈٹ پر بین الاقوامی ون ڈے میچز میں 502 اور ٹیسٹ میں 414 وکٹیں ہیں۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے حال ہی میں ملک میں فاسٹ بالرز کی عدم دستیابی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی ٹیم کو آنے والے دنوں میں فاسٹ بالنگ کے شعبے میں بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اقبال قاسم نے یہ بیان حالیہ دورہ جنوبی افریقہ میں قومی ٹیم کے مایوس کن کارکردگی کے بعد دیا تھا جس کے دوران میں کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-3 سے شکست ہوئی تھی۔

شائقین اور سابق کھلاڑیوں نے سیریز میں پاکستانی فاسٹ بالرز کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG