کراچی —
آسٹریلیاکے ایک روزنامے ”ہیرالڈ سن“ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم آسٹریلیوی شہری شانیرا تھامپسن کی محبت میں گرفتار ہیں اور جلد ہی ان سے شادی کرنے والے ہیں۔
”ہیرالڈ سن “کی رپورٹ آن لائن بھی موجود ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 47سالہ وسیم اکرم ملبورن کی رہائشی 30سالہ شانیرا تھامپسن کو باقاعدہ شادی کا پیغام دے چکے ہیں اورشانیرا کو بھی یہ رشتہ منظور ہے۔
رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ شانیرا تھامپسن نے اسلام قبول کر لیا ہے وہ شادی کے بعد پاکستان میں ہی رہیں گی۔اخبار کا کہنا ہے کہ شانیرا تھامپسن کے والد بھی اس شادی پر رضامند ہیں۔
پاکستان کے مقامی روزنامے ایکسپریس نے بھی اس حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے تاہم رپورٹ میں کہا گہا ہے کہ خبر کی تصدیق کے لئے متعدد مرتبہ وسیم اکرم سے رابطے کی کوشش کی گئی تاہم عین وقت تک رابطہ نہیں ہوسکا۔
وسیم اکرم کی شانیرا تھامپسن سے دوسری شادی ہوگی۔ وسیم کی پہلی بیوی ہما بیماری کے باعث سن2009ء میں بیرون ملک جاتے ہوئے بھارت کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئی تھیں۔ وسیم کے دو بچے ہیں جن کی عمریں بارہ اور 15سال بتائی جارہی ہیں۔
پاکستان کے ایک نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم کے دونوں بچے بھی اس شادی پر خوش ہیں البتہ یہ شادی کب اور کہاں ہوگی اس بارے میں ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔