رسائی کے لنکس

پانی بجلی کے حصول کی بنیادی ضرورت


دنیا بھر میں سائنسدان اور ماہرین موسمیات اور توانائی کے شعبے سے وابستہ لوگ بجلی اور توانائی پیدا کرنے میں پانی کے استعمال سے پریشان ہیں۔ خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں خشک سالی کی وجہ سے حالات کافی خراب ہیں۔بہت سے ممالک جیسے پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کے لئے پانی پر انحصار کیا جاتا ہے۔پاکستان میں عام لوگوں کا خیال ہے کہ بجلی کی کمی ایک وجہ پانی کی قلت بھی ہے۔

مگر قدرتی ایندھن جیسے کوئلہ یا گیس یا دوبارہ قابل استعمال توانائی کے ذرائع سے توانائی حاصل کرنے کے لئے بھی وافر مقدار میں پانی استعمال ہوتا ہے۔ اورامریکہ جیسے بڑے ملک کو بھی پانی کا مسئلہ درپیش ہے۔

تقریباً تمام ہی ذرائع سے توانائی حاصل کرنے کے لئے پانی کی بڑی مقدار استعمال ہوتی ہے۔ امریکہ میں تقریباً پچاس فی صد بجلی کوئلے سے پیدا کی جاتی ہے ۔ کوئلہ نکالنے ، ایک سے دوسری جگہ لے جانے اور آلات کو ٹھنڈا رکھنے کے لئے پانی درکار ہوتا ہے۔

جوہری پلانٹس میں بھی وافر مقدار میں پانی استعمال ہوتا ہے اور بائیو فیول کی تیاری کے لئے فصلیں اگانے کے لئے بھی پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔

پاکستان میں زیادہ تر بجلی آبی ذرائع سے پیدا کی جاتی ہے اور ڈیموں میں پانی کی قلت اس پیدا وار کو متاثر کرتی ہے۔

ورلڈ واچ انسٹی ٹیوٹ کے الیکزینڈر اوچزکہتے ہیں کہ اگر دیکھا جائے تو یہ کافی زیادہ پانی ہے۔ ان کا کہنا ہے کوئلے سے ایک میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے لئے پانچ سو سے ایک ہزار گیلن پانی استعمال ہوتا ہے۔ اگر ہم 2008 ءمیں امریکہ کے تمام پلانٹس کو دیکھیں جہاں بھاپ استعمال ہوتی ہے تو پتہ چلتا ہے کہ ان میں سالانہ 60 ارب سے 170 ارب گیلن پانی استعمال کیا گیا۔

پانی کے بغیر زیادہ تر ذرائع سے بجلی حاصل کرنا ناممکن ہوگا۔یہاں تک کہ کوئلے اور شمسی توانائی کے لئے استعمال ہونے والے آلات کو ٹھنڈا رکھنےاورسولر پینلز کو صاف کرنے کے لئے بھی پانی درکار ہوتا ہے۔

کیلی فورنیا اور میسا چیوسٹس اور کچھ اور ریاستوں میں پانی کی قلت کی بنا پر کچھ پلانٹس میں کام بند کرنا پڑا ہے۔

امریکہ کی وسط مغربی ریاستوں میں جہاں آبی ذرائع کی کمی ہے ، بعض پلانٹس کو بند کر دیا گیا ہے ۔ اور ایسی ہی صورتحال پورے امریکہ میں ہے۔

سمندورں اور ماحول سے متعلق ایک امریکہ ادارہ ملک کی جنوبی ریاستوں میں موسمی اثرات کے بارے میں اعدادوشمار جمع کرتا ہے۔ ادارے کے پراگرام ڈائریکٹر ڈیوڈ براؤن کہتے ہیں کہ امریکہ میں اس صدی کی بد ترین خشک سالی کی وجہ سے توانائی کے شعبے میں تبدیلیاں آ رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ کچھ دہائیوں میں امریکہ کے جنوب مغربی علاقوں میں آبی ذرائع پر دباؤ مزید بڑھے گا۔

پاکستان کی طرح امریکہ میں بھی سب سے زیادہ پانی جس شعبے میں استعمال ہوتا ہے وہ زراعت ہے۔ اس کے بعد زیادہ پانی توانائی پیدا کرنے کے لئے استعمال میں لایا جاتا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں آبادی، توانائی کی صنعت اور زراعت کے شعبے کی جانب سے آبی ذرائع کے حصول کے لئے مقابلے میں اضافہ ہوگا جس کی وجہ سے مقامی اور مرکزی حکومتوں کو کچھ مشکل فیصلے کرنے ہونگے۔

XS
SM
MD
LG