پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے ایک اصطلاح بار بار سامنے آ رہی ہے اور وہ ہے ’پلے آف‘ ۔ آخر یہ ہے کیا آیئے اس پر ایک تفصیلی نظر ڈالی جائے:
سیمی فائنل فارمیٹ میں دو، دو ٹیمیں آپس میں کھیلتی ہیں اور دونوں میچز کی فاتح ٹیمیں فائنل کیلئے کوالیفائی کرجاتی ہیں، جبکہ پاکستان سپر لیگ ٹو میں’پلے آف‘ فارمیٹ ہے جو سیمی فائنل سے کچھ مختلف ہے۔
’پلے آف فارمیٹ‘ کے تحت پوائنٹس ٹیبل پر پہلی اور دوسری پوزیشن پر آنے والی ٹیمیں پہلے ’پلے آف‘ میں آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ فاتح ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔ لیکن، ہارنے والی ٹیم ابھی ایونٹ سے باہر نہیں ہوگی۔
دوسرا ’پلے آف‘ تیسری اور چوتھی پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ اس میں شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی جبکہ فاتح ٹیم کا مقابلہ پہلے’ پلے آف‘ میں ہارنے والی ٹیم سے ہوگااور جو ٹیم یہ میچ جیتے گی وہ فائنل میں پہلے ’پلے آف‘ کی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گی۔
اس وقت، پلے آف کے لئے جو ٹیمیں فائنل ہوئی ہیں ان میں پشاور زلمی پہلے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے، کراچی کنگز تیسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھے نمبر ہے۔
پہلا پلے آف پیر 28 فروری کو ’پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز‘ جبکہ دوسرا پلے آف یکم مارچ کو ’اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز‘ کے درمیان کھیلا جائے گا۔