رسائی کے لنکس

نوجوانوں کے لیے موبائل فون کتنا ضروری؟ سروے رپورٹ


نوجوانوں کی 65 فیصد تعداد نے اس بات سے اتفاق کیا کہ موبائل فون کا ان کے روزمرہ معاملات میں اس قدر عمل دخل بڑھ چکا ہے کہ اب وہ اس کے بغیر زندگی گزارنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے ہیں۔

موبائل فون کی ضرورت اور اہمیت سے ہم سب بخوبی واقف ہیں۔ موبائل فون جو کبھی تعیش کے زمرے میں آتا تھا آج ہماری ضروریات ِزندگی کا ایک حصہ بن چکا ہے۔ لیکن موبائل فون نوجوانوں میں کتنا مقبول ہے اس بات کا اندازہ ایک سروے رپورٹ سے لگایا جا سکتا ہے۔
ایک برطانوی موبائل انشورنس کمپنی کی جانب سے حال میں لیے جانے والےسروے میں نوجوانوں سے موبائل فون کے استعمال اور اس کی ضرورت اور اہمیت کے بارے میں سوالات پوچھے گئے۔

اس سروے میں 18 سے 30 برس کے 2570 افراد کو شامل کیا گیا جن میں سے دو تہائی افراد نے کہا کہ وہ موبائل فون کے بغیر جینے کا تصور بھی نہیں کر سکتے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ اگر انھیں ایک ہفتے کے لیے موبائل فون رکھنے کی شرط پر اپنی کسی چیز کو چھوڑنا پڑے تو وہ کون سی چیز ہو گی؟
اس سوال کے بڑے دلچسپ جوابات دئیے گئے 62 فیصد نوجوانوں نے کہا کہ وہ ایک ہفتہ اپنے دوستوں کے بغیر گزار سکتے ہیں لیکن ایک ہفتے کے لیےموبائل فون نہیں دے سکتے۔
45 فیصد کا جواب تھا کہ وہ بغیر کھائے پیئے تو گزارا کر سکتے ہیں لیکن موبائل فون کے بغیر بالکل نہیں رہ سکتے ہیں۔
71 فیصد کے مطابق وہ اپنی پیاری سواری کار یا بائیک کو بھی موبائل فون رکھنے کی شرط پر ایک ہفتے کے لیے چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔
اسی طرح 81 فیصد نے کہا کہ وہ اپنے پسندیدہ ٹی وی شوز یا فلم نہیں دیکھیں گے جبکہ 55 فیصد کے لیے اپنا بیڈروم ایک ہفتے کے چھوڑنا آسان ہے لیکن انھیں اپنا موبائل فون اپنے سرہانے ہی چاہیے۔
سروے میں پوچھا گیا کہ وہ موبائل فون کا کتنا استعمال کرتے ہیں؟
53 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ اپنے موبائل فون کے شیدا ہیں اور ہر وقت اپنے موبائل فون کے ساتھ مصروف رہتے ہیں۔ 27 فیصد کے مطابق وہ موبائل فون بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں لیکن حد سے زیادہ بھی استعمال نہیں کرتے ہیں۔
10 فیصد نے کہا کہ وہ اسے صرف ضرورت کے تحت ہی استعمال کرتے ہیں جبکہ 9 فیصد نوجوانوں نے کہا کہ وہ کبھی کبھار ہی موبائل فون استعمال کرتے ہیں۔
جب ان نوجوانوں سے سوال کیا گیا کہ موبائل فون ان کے لیے کیا معنی رکھتا ہے؟
نوجوانوں کی 65 فیصد تعداد نے اس بات سے اتفاق کیا کہ موبائل فون کا ان کے روزمرہ معاملات میں اس قدر عمل دخل بڑھ چکا ہے کہ اب وہ اس کے بغیر زندگی گزارنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے ہیں۔
22 فیصد کی رائے میں وہ اپنے موبائل فون پرضرورت سے زیادہ انحصار کرتے ہیں۔
10 فیصد کے مطابق ان کے لیے موبائل فون کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے وہ اسے رکھ بھی سکتے ہیں اور چھوڑ بھی سکتے ہیں۔
1 فیصد نے کہا کہ وہ اسے صرف ایک ضرورت کی چیز سمجھتے ہیں جبکہ 1 فیصد نوجوانوں نے کہا کہ وہ موبائل فون کے بغیر باآسانی رہ سکتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG