روس کی جانب سے گندم کی برآمد پر عائد پابندی اٹھائے جانے کے بعد منگل کے روز بڑی عالمی مارکیٹوں میں گندم کی قیمت چار فی صد تک گر گئی۔
روس گندم برآمد کرنے والا دنیاکا ایک اہم ملک ہے۔ لیکن پچھلے سال شدید خشک سالی کے باعث وہاں گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ ملک میں خورک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ماسکو نے گندم کی برآمد پر پابندی عائد کردی تھی۔ جس کے باعث عالمی مارکیٹوں میں اس کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
روسی عہدے داروں کا کہناہےکہ اس سال انہیں گندم کی بہتر فصل کی توقع ہے اور ان کا خیال ہے کہ روس رواں سال میں تقریباً دوکروڑ ٹن گندم برآمد کرسکے گا۔
اجناس برآمد کرنے والے کئی ممالک میں خشک سالی، اور بعض علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں فصلوں کو نقصان پہنچنے سے اس سال خوردنی اجناس کی قیمتیں معمول سے زیادہ رہی ہیں۔