رسائی کے لنکس

بحیرہ اسود کے معاہدے میں توسیع کے بعد عالمی منڈی میں گندم کی قیمتوں میں کمی


یوکرین کے علاقے کیف میں گندم کی کاشت
یوکرین کے علاقے کیف میں گندم کی کاشت

ویب ڈیسک ۔ یوکرین کو بحیرہ اسود کی بندرگاہوں کے ذریعے اناج برآمد کرنے کی اجازت دینے کے معاہدے میں توسیع کے بعد جمعرات کے روز گندم کی عالمی قیمتوں میں مزید کمی واقع ہو گئی۔ اس کے نتیجے میں عالمی سطح پر رسدکی فراہمی سے متعلق تشویش میں کمی آئی ہے۔

اس معاہدے میں دو ماہ کی توسیع پر بدھ کے روز اتفاق کیا گیا تھا ۔یہ فیصلہ معاہدے کی مدت ختم ہونے سے ایک روز پہلے کیا گیا ۔ اس بات کا اندیشہ تھا کہ روس اناج اور کھاد کی برآمدات میں رکاوٹوں کے سبب اس معاہدے سے نکل سکتا تھا۔

اقوام متحدہ اور ترکی نے گزشتہ سال جولائی میں بحیرہ اسود کےاس معاہدے میں ثالثی کی تھی اور اس کی ابتدائی مدت 120 روز تھی ۔ اس کا مقصد خوراک کے عالمی بحران سے نمٹنے میں مدد کرنا تھا کیونکہ یوکرین پر ماسکو کے حملے کی وجہ سے اس کی ترسیل رک گئی تھی ۔ یوکرین دنیا میں اناج برآمد کرنے والے بڑے ملکوں میں سے ایک ہے۔

رابوبینک کموڈٹیز ‘کے تجزیہ کار پال جولز نے کہا کہ ’’ بالآخر یہ ایک خوش آئند خبر ہے کہ بحیرہ اسود کے اناج کے معاہدے کی تجدید کر دی گئی ہے اور منسوخی کی بدترین صورت حال ٹل گئی ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ’’ روس نے بار بار اس معاہدے کے بارے میں اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے اس لیے اس میں توسیع مارکیٹ کے لیے حیران کن تھی اور اس کے نتیجے میں اس اعلان کے بعد گندم کے نرخوں میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے‘‘۔

شکاگو بورڈ آف ٹریڈ Wv1 میں گندم کی قیمتوں میں بدھ کو 3 فیصد سے زیادہ کمی کے بعد جمعرات کو تقریباً 2 فیصد گراوٹ ہوئی اور یہ دو ہفتے کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے معاہدے کی توسیع کو روس کے لیے ’’نتیجہ خیز‘‘ قرار دیا اور کہا کہ روس کے سرکاری زرعی بینک پر پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے مختلف آپشنز پر کام کیا جا رہا ہے۔ یہ روس کی جانب سے ایک اہم مطالبہ رہا ہے۔

روس یوکرین گندم کی ترسیل
روس یوکرین گندم کی ترسیل

روس اناج اور کھاد کی برآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کوششوں میں زرعی روسلخوز بینک (Rosselkhozbank) کو ادائیگی کے نظام ’سوفٹ‘ SWIFT سے دوبارہ جوڑنا بھی شامل ہے ۔

روس کے دیگر مطالبات میں زرعی مشینری اور پرزہ جات کی فراہمی دوبارہ شروع کرنا، انشورنس اور ری انشورنس پر عائد پابندیاں ہٹانا، ٹوگلیٹی اوڈیسا امونیا پائپ لائن کو دوبارہ شروع کرنا اور خوراک اور کھاد کی برآمدات میں شامل روسی کمپنیوں کے اکاؤنٹس اور اثاثوں پر لاگو رکاوٹوں کو ختم کرنا شامل ہیں۔

یوکرین نے معاہدے میں طویل مدتی توسیع کی درخواست کی تھی ۔ تاہم آئندہ دو ماہ کے بعد اس معاہدے کے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورت حال برقرار ہے جس کے نتیجے میں جنگ زدہ ملک کے کسانوں کا اس موسم بہار میں فصلیں کاشت کرنے کے بارے میں اعتماد کم ہو سکتا ہے۔

یو رپی بینک ING نے ایک بیان میں توجہ دلائی کہ ’’ مختصر توسیع کے پیش نظر مارکیٹ کو غیر یقینی صورت حال سے نمٹنا پڑے گا۔ جب بحیرہ اسود سے اناج کی ترسیل کے لیے پہلا اقدام کیا گیا تو خیال یہ تھا کہ یہ معاہدہ 120 دن کی مدت تک چلے گا۔‘‘

جنگ زدہ علاقے میں اناج کی منتقلی کا چیلنج اس وقت نمایاں طور پر سامنے آیا جب جمعرات کے روز اناج لے جانے والی مال بردار ٹرین پٹری سے اتر گئی اور جزیرہ نما کریمیا کے دارالحکومت سمفروپول اور سیواستوپول شہر کے درمیان ریل ٹریفک کا نظام معطل ہو کر رہ گیا۔

کریمین ریلوے نے ایک بیان میں کہا کہ ریل کے پٹری سے اترنے کی وجہ ’’بیرونی عوامل کی مداخلت‘‘ہے۔اس سے قبل بازا ٹیلیگرام چینل نے خطے میں ایک ریلوے لائن پر دھماکے کی اطلاع دی۔اس چینل کا تعلق روسی سیکیورٹی سروسز سے ہے۔ 2014 میں اس علاقے کا روس سے الحاق ہو یا تھا۔

(اس رپورٹ کی معلومات خبر رساں ادارے رائٹرز سے لی گئی ہیں )

XS
SM
MD
LG