وائٹ ہاؤس کی باڑ پھلانگنے والا ایک 23 سالہ نوجوان پولیس کی حراست میں ہے۔ ستمبر کے بعد سے اس نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
امریکی صدر کے تحفظ کی ذمہ داری سیکرٹ سروس کے ایک ترجمان کے مطابق میری لینڈ کے رہائشی ڈومینک اڈیسانیا کو مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے سکیورٹی کے عملے اور حفاظتی کتوں نے گھیرے میں لے کر تحویل میں لیا۔
ترجمان کے مطابق باڑ پھلانگنے والے شخص نے اطلاعات کے مطابق کتوں کو لاتیں ماریں جس کے بعد دو کتوں کو معمولی زخم آئے اور انھیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اڈیسانیا کے والد نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ ان کا بڑا بیٹا ذہنی طور پر "خوف" میں مبتلا تھا۔
تاحال اس شخص کے خلاف لگائے گئے الزامات کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
گزشتہ ماہ ایک 42 سالہ شخص عمر گونزالیز بھی مبینہ طور پر وائٹ ہاؤس کے لان سے بھاگتا ہوا عمارت میں داخل ہوا۔ اس شخص کے ہاتھ میں چاقو تھا اور اسے وہاں موجود سکیورٹی کے عملے نے قابو کر لیا تھا۔
گونزالیز کی گاڑی سے آٹھ سو سے زائد گولیاں اور ایک بڑا خنجر بھی برآمد کیے گئے۔ اس پر سیکرٹ سروس کے اہلکاروں پر تشدد کرنے اور مزاحمت کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔
ایسے ہی واقعات اور سیکرٹ سروس سے متعلق بعض دیگر امور کی بنا پر حال ہی میں کانگریس قانون سازوں کے سامنے پیش ہونے والی سروس کی ڈائریکٹر جولیا پیئرسن کو استعفیٰ دینا پڑا تھا۔