معروف امریکی پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز نے اپنے بوائے فرینڈ سیم اصغری کے ساتھ پانچ برس ڈیٹنگ کے بعد اب بالاخر اتوار کو ان سے منگنی کا اعلان کیا ہے۔
برٹنی اسپیئرز نے منگنی کا اعلان اپنے آفیشل انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیا۔ ویڈیو کے کیپشن میں برٹنی کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں ہو رہا۔
اداکار و فٹنس ٹرینر سیم اصغری نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر برٹنی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں برٹنی کو انگوٹھی دکھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سیم اصغری کون ہیں؟
آئی این ڈی بی (انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس) پر دی گئی معلومات کے مطابق سیم اصغری کا اصل نام حسام اصغری ہے جو تین مارچ 1994 کو ایران کے دارالحکومت تہران میں پیدا ہوئے تھے اور 2006 میں امریکہ منتقل ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ آئی این ڈی بی (انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس) ایک ایسی سائٹ ہے جو فلم، ٹیلی ویژن پروگرام، گیمز، آن لائن اسٹریمنگ مواد اور شخصیات کی ریٹنگز کرتی ہے۔
امریکی فیشن میگزین 'ہارپرز بازار' کے مطابق سیم اصغری ہائی اسکول کے زمانے سے کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ انہوں نے یونی ورسٹی آف نیبراسکا لنکن کے فٹ بال پروگرام میں بھی حصہ لیا تھا لیکن اسکالر شپ حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد انہیں لاس اینجلس جانا پڑا۔
سیم اصغری نے 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم 'اَن بلیو ایبل' اور 2019 میں رومانوی کامیڈی فلم 'کین یو کیپ آ سیکریٹ' میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
سیم اداکار ہونے کے ساتھ ایک فٹنس ٹرینر بھی ہیں جو صارفین کو ٹریننگ کے ساتھ ساتھ انہیں ڈائٹ پلان بھی فراہم کرتے ہیں۔
برٹنی اسپیئرز کی سیم اصغری سے ملاقات 2016 میں اپنی میوزک ویڈیو 'سلمبر ہارٹی' کے سیٹ پر ہوئی تھی۔
سیم کی منگیتر برٹنی اسپیئرز اس سے قبل دو مرتبہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو چکی ہیں۔ انہوں نے 2004 میں اپنے بچپن کے دوست جیسن ایلکس زینڈر سے شادی کی تھی جو چند روز میں ہی ختم ہو گئی تھی۔
ایک برس کے بعد ہی برٹنی نے امریکی ریپر کیون فیڈرلائن سے شادی کی جن سے ان کے دو بچے بھی ہیں۔ گلوکارہ کی کیون فیڈرلائن کے ساتھ 2007 میں علیحدگی ہو گئی تھی۔
سن 2008 میں برٹنی اسپیئرز ذہنی صحت سے متعلق مسائل کا شکار ہوئی تھیں اور اس دوران عدالت نے 'کنزرویٹو شپ' قانون کے تحت ان کے والد کو نگران مقرر کیا تھا۔
برٹنی نے جون میں عدالت سے اپنے والد کی 13 سالہ سرپرستی ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اپنی زندگی واپس چاہتی ہیں۔
اب گزشتہ ہفتے برٹنی کے والد جیمز اسپیئرز نے لاس اینجلس کی عداالت میں 'کنزرویٹر شپ' ختم کرنے لیے درخواست دائر کی تھی اور عدالت نے اس کیس کی اگلی سماعت 29 ستمبر کو مقرر کی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں 'کنزرویٹر شپ' قانون کے مطابق کسی بھی شخص کی عمر یا ذہنی پختگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے عدالت نگران مقرر کرتی ہے جو اس کی ذاتی زندگی کے معاملات اور اخراجات کی نگرانی کرتا ہے۔
برٹنی اسپیئرز کے والد جیمز اسپیئرز 2008 سے اُن کی آمدنی اور دیگر اُمور کی نگرانی کر رہے ہیں۔ تاہم، اب برٹنی اُنہیں فیصلہ سازی سے دُور رکھنا چاہتی ہیں۔