رسائی کے لنکس

اسانج کی سوئیڈن حوالگی سے متعلق مقدمے کی کارروائی جاری


جولین اسانج
جولین اسانج

'وکی لیکس' کے بانی جولین اسانج بدھ کے روز برطانیہ کی ایک عدالت کے سامنے پیش ہورہے ہیں جہاں انہیں سوئیڈن کے حوالے کیے جانے سے متعلق ایک مقدمہ زیرِسماعت ہے۔

اسانج سوئیڈش حکومت کو جنسی بے ضابطگی کے الزامات میں مطلوب ہیں۔ تاہم وکی لیکس کے بانی خود پر عائد الزامات کی تردید کرتے ہوئے سوئیڈن کی حکومت کی جانب سے انہیں حوالے کرنے کے مطالبے کو سیاسی کارروائی قرار دیتے آئے ہیں۔

اسانج کا موقف ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ کی شفاف کارروائی سوئیڈن میں ممکن نہیں ہوگی۔

40 سالہ اسانج کی قائم کردہ ویب سائٹ 'وکی لیکس' کی جانب سے حساس اور خفیہ دستاویزات کی اشاعت نے جہاں ایک جانب ذرائع ابلاغ میں سنسنی پیدا کردی تھی وہیں یہ عمل امریکی حکومت کی برہمی کا سبب بھی بنا تھا۔

امریکی انتظامیہ اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا اسانج کے خلاف خفیہ سرکاری دستاویزات افشاء کرنے کے الزام میں مقدمہ چلایا جاسکتا ہے یا نہیں۔

اسانج اس خدشہ کا اظہار کرتے آئے ہیں کہ اگر انہیں سوئیڈن کے حوالے کیا گیا تو وہاں سے انہیں امریکہ منتقل کیا جاسکتا ہے۔

'وکی لیکس' کے بانی ان دنوں مشرقی برطانیہ میں اپنے ایک حامی کی رہائش گاہ پر نظر بند ہیں۔

XS
SM
MD
LG